جرمن وزیر خارجہ کا حلب تک رسائی دیے جانے کا مطالبہ

جمعہ 12 اگست 2016 13:21

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے ایک بار پھر اس امر پر زور دیا ہے کہ شام کے محصور شہر حلب تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے راستہ دیا جائے۔ جرمن اخبار فرانکفرٹر الگمائنے سے گفتگو میں شٹائن مائر نے کہا کہ کسی بڑے انسانی المیے سے بچنے کے لیے محض تین گھنٹے روزانہ کی یکطرفہ فائر بندی کافی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

روس کی طرف سے اعلان کردہ فائر بندی کے باوجود شام کے اس دوسرے بڑے شہر میں بدستور شدید لڑائی جاری ہے۔ شٹائن مائر نے کہا کہ اگر ہتھیار خاموش ہو جائیں اور امدادی کارکن کسی خطرے کے بغیر آگے جا سکیں تو حلب میں محصور انسانوں تک امدادی اشیا پہنچائی جا سکتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اڑتالیس گھنٹے کی فائر بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ حلب کے لاکھوں باسیوں کو خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :