14اگست 1947ء بھی اسی نوعیت کا تاریخی دن ہے جو رہتی دنیا تک نہیں بھلایا جا سکتا ‘شاہ غلام قادر

جمعہ 12 اگست 2016 13:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے پاکستان کے 69ویں یوم آزادی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام کی زندگی میں ایسے دن بھی رونما ہوتے ہیں جنکو تاریخ نے ہمیشہ یاد رکھا،14اگست 1947ء بھی اسی نوعیت کا تاریخی دن ہے جو رہتی دنیا تک نہیں بھلایا جا سکتا ۔ہندوستان کے مسلمانوں نے جب محسوس کیا کہ تاریخ جغرافیہ تہذیب و ثقافت اور مذہب اسلام کی بنیاد پر انکے لیے الگ وخود مختار ریاست کا قیام انتہائی ضروری ہے جہاں وہ اپنے مذہبی عقائد کی روشنی میں آزادی کی زندگی گزار سکیں،بظاہر یہ خواب پورا ہونا نا ممکن تھا مگر مسلمانوں کی مخلص اور انتھک قیادت نے نا ممکن کو ممکن میں تبدیل کر دیا،اور برطانوی راج کو اس بات پر بنظر عمیق غور کرنے پر مجبور کر دیا کہ مسلمانان ہند کا مطالبہ صریحا جائز و بر حق ہے۔

(جاری ہے)

شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ جس پاکستان کا خواب ڈاکٹر علامہ اقبال نے دیکھا تھا اسکی تعبیر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی صورت میں اللہ تعالی نے مسلمانان ہند کو وہ شخصیت عطاء کی جس نے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے قیام کا مطالبہ ہر فورم پر مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے پہنچایا اور یہ بھی حقیقت ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے مسلمانان ہند کے دلوں میں الگ ریاست کے قیام کا عنصر اس قدر پیدا کر دیا کہ اس کے حصول میں جانیں،اموال عرضیکہ ہر طرح کی قربانی کو بخوشی قبول کیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صورت میں الگ مملکت کے قیام کے لیے برطانوی حکومت کو مجبور کیا اور یوں 14اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر” اسلامی جمہوریہ پاکستان “کا ظہور ہوا ۔

اسطرح آج کی نسل کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ پاکستان کا قیام کسی حادثہ کی پیدوار نہیں بلکہ اسکے لیے مسلمانان ہند کو لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینی پڑی ہیں جنکی بدولت آج ہم آزادی کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں ،سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ 14اگست آزادی کا دن جب پوری پاکستانی اور آزاد کشمیر کی قوم انتہائی خوشی سے منارہے ہوتے ہیں تو ہمارے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھی اس مبارک دن کو مناتے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھارت جو کہ ظلم و ستم کے پہاڑ نہتے کشمیریوں پر ڈھا رہا ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان سے محبت کی تڑپ اور پاکستان سے الحاق کی دیرینہ خواہش کو نہیں نکال سکااور نہ ہی نکال سکے گا،سپیکر اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم جنا ب محمد نوازشریف انٹر نیشنل فورمز پر بھارتی مظالم کو اقوام عالم کے سامنے بخوبی پیش کر رہے ہیں اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور پاکستان کی تکمیل ضرور ہو گی۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ بھارت نے اب بھی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کے لئے افواج اور سیکورٹی فورسز کا نہ صرف آزادانہ استعمال شروع کر دیا ہے بلکہ مزید فوجی دستوں کی مقبوضہ کشمیر میں آمد سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کی نیت درست نہیں وہ قتل عام کر کے مسئلہ کشمیر کو مٹانا چاہتا ہے جب تحریک آزادی پر غلبہ پانے میں ناکام ہو جاتا ہے تو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہئے کہ جو حشر افغانستان میں روس کا ہوا ہے وہی حشر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ہو گا کشمیری عوام جبر کے قانون کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے سپیکر اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر سمیت پوری پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ ان کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشیوں میں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی کامیابیوں کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں تاکہ وہ آزادی کی نعمت سے سرفراز ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :