اقوام متحدہ کی قرار داد کے برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اور اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کرانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 12 اگست 2016 12:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست۔2016ء) یہ درخواست امیر جماعت الدعوہ حافظ محمد سعید کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرار داد کے برعکس مقبوضہ جموں کشمیر میں رائے شماری کرانے کی بجائے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے جس سے خطے میں امن و امان کی صوتحال سنگین ہو رہی ہے اگر بھارتی مظالم کا سلسلہ بند نہ ہوا تودو ایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان چوتھی جنگ چھڑنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی اکیس اپریل 1948کی منظور کی جانے والی قرار داد پر عمل نہیں کیا جو کہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دنیا کے امن کو برقراررکھنے اوربھارت کو اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمدکا پابند بنانے کے لئے عدالت حکومت پاکستان کومسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں اجاگر کرنے اور اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل درآمد کے لئے مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کے احکامات صادر کرئے۔