سائبر کرائمزبل کی کچھ شقیں بنیادی انسانی حقوق ، اظہار رائے کی آزادی کے منافی ہیں‘ مسرت جمشید چیمہ

جمعہ 12 اگست 2016 12:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سائبر کرائمزکے ترمیم شدہ بل کی کچھ شقیں بنیادی انسانی حقوق اور اظہار رائے کی آزادی کے منافی ہیں جنہیں از سر نو زیر بحث لانا نا گزیر ہے ،حکومت اکثریت کے بل بوتے پر عجلت میں قوانین پاس کرانے کی بجائے اتفاق رائے پیدا کرے ۔ اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ مجموعی طور پر سائبر کرائمز بل پر تنقید نہیں کی جارہی بلکہ اس کی کچھ شقوں بارے تحفظات ہیں جنہیں دور کرنا از حد ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

مستقبل میں یہ شقیں بل منظور کرانے والوں کی پکڑ کا بھی باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی کچھ شقوں کے ذریعے سوشل میڈیا کی سر گرمیوں پر پابندی لگانے کا سامان کیا گیا ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ، اس اقدام سے اظہار رائے کی آزادی ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی معاونت، مذہبی منافرت اور بچوں کی غیر اخلاقی تصاویرسمیت اس طرح کی دیگرمنفی سر گرمیوں پر سزائیں یقینا قابل تعریف اقدام ہے تاہم قانون میں کچھ معاملات کی سرے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی جس سے عوام کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :