عمان،عدلیہ کی کرپشن پر قلم اْٹھانے کی پاداش میں اخبار بند،تین صحافی گرفتار

جمعہ 12 اگست 2016 12:30

نیویارک/مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) عمان میں عدلیہ کی مبینہ بدعنوانی کے بارے میں رپورٹنگ کرنے والے ایک اخبار کو حکام نے بند کروا دیا ہے اور اس سلسلے میں تین صحافیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بارے میں ایک انٹرنیشنل واچ ڈاگ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ اس رپورٹ کی اشاعت سے ایک روز قبل حکومت عمان نے کہا تھا کہ اْس نے ایک اخبار کی طرف سے عمانی عدلیہ کی تضحیک و توہین کیے جانے کے سبب اْس کے خلاف غیر معین ایکشن لیا ہے۔

حکومت کی طرف سے تاہم نہ تو اس اخبار کی شناخت بتائی گئی اور نہ ہی اس کے خلاف لیے جانے والے ایکشن کی تفصیلات بتائی گئی تھیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا کہ عربی زبان کے روزنامے الزمن اور اس کی آن لائن نیوز سائٹ کو گزشتہ منگل ہی کو بند کر دیا گیا تھا جبکہ قبل ازاں اس اخبار کے چیف ایڈیٹر کے نائب یوسف الحج کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

رواں برس جولائی میں اس اخبار کے بانی اور چیف ایڈیٹر ابراہیم الماماری کو حکام نے گرفتار کرلیا تھا۔ اْس کے بعد چیف ایڈیٹر کے نائب یوسف الحج اخبار الزمن کے تیسرے صحافی ہیں جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے پروگرام کے نائب ڈائریکٹر ماجدالینا المغربی نے ایک بیان میں کہاکہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اخبار الزمن کے صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے جائز حق کے استعمال کی سزا مل رہی ہے۔

مغربی کا مزید کہنا تھاکہ عدلیہ پر تنقید کرنا اور مبینہ کرپشن کے الزامات پر رپورٹنگ کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ اگر ان صحافیوں کو صرف اور صرف اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے سبب گرفتار کیا گیا ہے تو حکام پر لازم ہے کہ وہ انہیں جلد سے جلد رہا کر دیں۔دریں اثناء اخبار الزمن کے اسٹاف کے ایک رکن نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ الزمن کے بانی اور چیف ایڈیٹر ابراہیم الماماری گزشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے ایک اور صحافی کے ہمراہ ہنوز زیر حراست ہیں۔

متعلقہ عنوان :