سعودی خواتین کی بچوں سمیت شام فرار کی کوشش ناکام

جمعہ 12 اگست 2016 12:13

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست۔2016ء) سعودی عرب نے لبنانی حکام کے ساتھ مل کر دو خواتین کے بچوں سے شام فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خواتین اور بچوں کو واپس سعودی عرب پہنچا دیا ہے۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ حال ہی میں سیکیورٹی کمیونیکیشن یونٹ کو ایک سعودی شہری کی طرف سے یہ اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون اپنے تین بچوں جن کی عمریں 2 اور 10 سال کے درمیان ہیں اچانک لاپتا ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

لاپتا ہونے والی خاتون کے ہمراہ اس کی دو بہنیں بھی ہیں جن میں سے ایک کے تین بچے ہیں۔ جن کی عمریں ایک اور چھ سال کے درمیان ہیں۔ خواتین کی شناخت کیے جانے کے بعد پتا چلا کہ وہ لبنان پہنچ چکی ہیں۔سعودی حکام نے فوری طور پر لبنانی حکام سے رابطہ کیا اور ان سے متعلقہ خواتین کی تلاش کی اپیل کی گئی۔ لبنانی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شام فرار ہونے کی کوشش کرنے والی خواتین کو بچوں سمیت گرفتار کرلیا جنہیں بعد ازاں سعودی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تکفیری نظریات اختیار کرنے کے بعد شام جانے کی کوشش کرنے والی خواتین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :