مشترکہ حریت قیادت نے احتجاجی کلینڈر میں 18اگست تک توسیع کر دی ،ہفتہ اور اتوا رکو لال چوک سرینگر کی طرف ریفرنڈم مارچ کیاجائیگا

جمعہ 12 اگست 2016 11:46

سرینگر۔ 12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی کلینڈر میں18اگست بروز جمعرات تک توسیع کردی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہفتے اور اتوار کے روز لالچوک سرینگر کی طرف ایک ریفرنڈم مارچ کیاجائیگا۔

دونوں دن شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک ہڑتال نہیں کی جائیگی تاہم ریفرنڈم مارچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہفتہ اور اتوار کے روز ہر محلے، گاؤں، تحصیل اور ضلع ہیڈ کوارٹروں سے لال چوک کی جانب مارچ کیا جائے۔

(جاری ہے)

اگر لالچوک کی جانب پیش قدمی سے روکا گیا تو اتوار کی شام تک وہیں بیٹھ کر پْر امن احتجاج کیاجائے۔حریت رہنماؤں نے کہاکہ 14اگست اتوارکو یوم پاکستان منانے کیساتھ ساتھ ریفرنڈم مارچ نکالے جائیں گے اورہر نماز کے بعد پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

15اگست بروز پیر کو ہڑتال میں کوئی ڈھیل نہیں ہوگی ،اس دن یوم سیاہ منانے کے ساتھ ساتھ سیول کرفیو نافذرہیگا۔ صبح7بجے سے تمام راستوں کو بند کیا جائے تاکہ بھارت کے یوم آزادی کے حوالے سے کوئی تقریب منعقد نہ ہو سکے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں اس روز بھارتی ترنگا نہ لہرائیں۔حریت رہنماؤں نے کہاکہ اس روز تمام گھروں ،دکانوں، بازاروں اور مقامی چوراہوں پر سیاہ پرچم آویزاں کئے جائیں اور لوگ سیاہ کپڑے پہنیں یا پھر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

اس روز آزاد کشمیر میں بھی یوم سیاہ منانے اور سیاہ پرچم لہراکر صدائے احتجاج بلند کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔16اگست بروز منگل کو ہڑتال میں شام چھ بجے سے لیکر صبح چھ بجے تک ڈھیل ہوگی۔ تاجروں،صنعت کاروں اور دکانداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبح گیارہ بجے سے لیکر دوپہرایک بجے تک صدر بازاروں میں پْر امن احتجاجی دھرنے دیں۔ حریت رہنماؤں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ نماز ظہر سے لیکر نماز عصر تک احتجاج کریں۔

نماز عصر سے لیکر نماز مغرب تک مرد حضرات احتجاج کریں۔ 17اگست بروز بدھ کو اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کی طرف مارچ کیا جائیگا اور محلوں، گاؤں، تحصیل اور ضلعی صدر مقامات سے لالچوک کی طرف مارچ کیا جائے۔ 18اگست بروز جمعرات کو شام چھ بجے سے لیکرصبح چھ بجے تک ہڑتال میں ڈھیل ہوگی۔سید علی گیلانی ، میر واعظ اور یاسین ملک نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام راستوں کو اپنی تحویل میں لیں اور شام پانچ بجے سے لیکرشام چھ بجے تک پر امن دھرنے دیں اور نماز عصر سڑکوں پر ادا کی جائے۔

انہوں نے مذید کہاکہ تمام راستوں کو نوجوانوں کی گرفتاریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بند کیا جائے اور متبادل دنوں میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں۔ تمام بھارت نواز پارٹیوں سے وابستہ اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے عہدوں سے میڈیا کے ذریعے استعفیٰ دیں۔

متعلقہ عنوان :