بھارت میں سیاحتی مقامات پر ’سیلفی ڈینجر زون‘

جمعہ 12 اگست 2016 11:11

نئی دہلی ۔ 12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اگست ۔2016ء) بھارت میں مرکزی حکومت نے مختلف ریاستی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے سیاحتی مقامات جہاں حادثات کا خطرہ ہو وہاں خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے بورڈ نصب کریں جس ’سیلفی ڈینجر زون‘ درج ہو۔حکومت نے یہ فیصلہ سیاحتی مقامات پر سیلفی لینے کے دوران حادثات کے باعث شرحِ اموات بڑھنے کے بعد کیا ہے۔

مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں مختلف ریاستوں کے محکمہ سیاحت کے سکریٹریز کو خط لکھا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے تمام علاقے جہاں خطرہ ہو سکتا ہے کہ وہاں باقاعدہ نشاندہی کی جائے۔وزارت سیاحت کی ایڈیشنل سکریٹری جنرل میناکشی شرما نے کہا کہ خطرے کے حامل علاقوں میں سیاحتی پولیس اور رضا کار تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے بورڈ بھی لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

میناکشی شرما نے حکام کو ہدایات دی ہیں کہ ایسے مقامات جہاں ’ممکنہ خطرہ‘ ہے وہاں باڑ لگائیں اور ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہم چلائی جائیں۔حالیہ کچھ عرصے کے دوران بھارت میں سیاحتی مقامات پر سیلفی لیتے ہوئے کسی حادثے کا شکار ہونے کے درجنوں واقعات ہوئے ہیں۔وزارتِ سیاحت کے حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کو موثر بنانے کے لیے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔گذشتہ سال سیلفی لینے کی کوشش میں دنیا میں ہونے والی 27 ہلاکتوں میں سے 15 بھارت میں ہوئیں۔بھارت میں ہلاک ہونے والے افراد میں جاپان کا وہ سیاح بھی شامل ہے جو تاج محل پر سیلفی لیتے ہوئے سڑھیوں سے گر کر ہلاک ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :