اوول ٹیسٹ ، انگلینڈ کی بساط328 رنز پر سمٹ گئی ،پاکستان کے ایک وکٹ پر 3رن

جمعرات 11 اگست 2016 22:38

اوول ٹیسٹ ، انگلینڈ کی بساط328 رنز پر سمٹ گئی ،پاکستان کے ایک وکٹ پر 3رن

اوول(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین11اگست۔2016ء )اوول ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 328رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ،جواب نے پاکستان نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کھو کر تین رن بنا لیے ۔ انگلش کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ایلکس ہیلز کچھ خاص کرنے میں ناکام رہے اورمحض6رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

کپتان الیسٹر کک ایک بار پھر تیز بلے بازی کرتے ہوئے شاٹ بال پل کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔جو روٹ 26رنز بنا کر وہاب ریاض کی باہر جاتی گیند پر چھیڑ خانی کرتے ہوئے پوویلین لوٹے جبکہ ونس کو وہاب نے ہی اپنی تیز رفتار گیند کا نشانہ بنایا ۔ گیری بیلنس بھی کچھ خاص نہ کرپائے اور وہاب ریاض کا شکار بن گئے ۔ انگلینڈ کی آدھی ٹیم 110رنز پر پوویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد معین علی اور بیئر سٹو نے چھٹی وکٹ کے لیے 93رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد بیئر سٹو 55رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

(جاری ہے)

کرس ووکس اور معین علی نے ساتویں وکٹ کے لیے 79رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد ووکس 45رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،اسی اوور میں سٹورٹ براڈ بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ، سٹیون فن 8رن بنا کر سہیل خان کا چوتھا شکار بنے ۔ انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی معین علی تھے جو 108رنز کی شاندار اننگزکھیلنے کے بعد سہیل خان کا پانچواں شکار بنے ۔ پاکستان کے لیے سہیل خان نے5، وہاب ریاض نے 3جبکہ محمد عامر نے 2شکار کیے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور نوجوان اوپنر سمیع اسلم 3رن بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ یاسر شا ہ اور اظہر علی نے گوروں کو مزید کوئی وکٹ نہ لینے دی اور پاکستان نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کھو کر 3رنز بنالیے ،میزبان ٹیم کے کامیاب باؤلر سٹورٹ براڈ رہے۔