قوم اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے یک جان ہو جائے قیادت اور عوام کے محاذ پر انتشار بڑی تباہی کا باعث ہو گا‘لیاقت بلوچ

جمعرات 11 اگست 2016 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سانحہ کوئٹہ بہت ہی المناک ہے جس سے پورا کوئٹہ صدمے اور سکتے کی لپیٹ میں ہے ، اس سانحہ میں سینئر اور قابل وکلا کی بڑی تعداد شہید ہوگئی ، سانحہ کوئٹہ نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے ،قوم اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے یک جان ہو جائے وگرنہ قیادت اور عوام کے محاذ پر انتشار بڑی تباہی کا باعث ہو گا۔

کوئٹہ سے واپسی پر انہوں نے کہاکہ فوری طور پر ناگزیر ہے کہ وزیراعظم قومی سلامتی پر قومی قیادت کو اعتماد میں لیں اور ایک پیج پر جمع رکھیں ۔قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں کہاں کمزوریاں ہیں انہیں دور کیا جائے ۔ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کمزوریاں ختم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

امریکہ اور بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری کسی صورت برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں اس منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے ملک کے اندر اختلافات ختم کیے جائیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں سانحہ کوئٹہ کے بعد بہت اہم موقع ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت معاشی ، سیاسی اور سماجی مسائل حل کریں اور کوئٹہ میں قومی قیادت کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی بے مثال تحریک سے عالمی توجہ ہٹاناچاہتاہے اس لیے سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر پوری قوت سے اٹھایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :