دہشت گردی اور کرپشن کی وجہ سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں ،مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب

جمعرات 11 اگست 2016 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب کے آرگنائزر سجاد بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور کرپشن کی وجہ سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں کوئٹہ میں دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنا ہوگا ،وکلاء اور ججز پر حملہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا ہے لوگوں کو انصاف فراہم کروانے والے آج بھی خود غیر محفوظ ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمران ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں حکومت کی ترجیحات صرف اور صرف کرپشن کرکے مال بنانا ہے۔

موجودہ حکمران کمیشن مافیا بن چکے ہیں عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔حکمران عوام کی بجائے صرف اپنا اور اپنے خاندان کا تحفظ کررہے ہیں اپنے اور اپنے خاندانوں کی سکیورٹی پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس والے تعینات کیے ہوئے ہیں عوام بے یارو مددگار ہو چکے ہیں حکمران دہشت گردی کے ہر واقعہ کے بعد دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے عملی اقدامات کی بجائے صرف اور صرف انکوائری کا حکم دے دیتے ہیں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کی نظریں افواج پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں جو دہشت گردوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے جانوں کے نذرانے دے رہی ہے موجودہ حکمرانوں سے کسی بھلائی کی توقع نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں دہشت گردی ختم کرنی ہے تو اس کیلئے کرپشن کو بھی مکمل طور پر ختم کرنا ہو گا کیونکہ دہشت گردی اور کرپشن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔کرپٹ حکمرانوں سے دہشت گردی کے خاتمے کی توقع بھی سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور شہداء کے وارثوں سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہیں ۔اﷲ تعالیٰ انہیں جلد صحت یاب کرے ۔

متعلقہ عنوان :