پی ایس ایکس میں بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،عارف حبیب

جمعرات 11 اگست 2016 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے، پی ایس ایکس کے 40 فیصد شیئرز تجربہ کار سرمایہ کاروں کو فروخت کئے جائیں جو خصوصی دلچسپی اور نئے پروڈکٹس سے مارکیٹ کا حجم بڑھا سکیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپنے قیام سے اب تک کاروبارمیں تیزی کے نئے ریکارڈ بنا چکا ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کیلئے دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

پی ایس ایکس کے 40 فیصد شیئرز کی خریداری میں امریکا، برطانیہ، چین اور دیگر ملکوں کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ممبر کمپنی عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا کہ قوی امید ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے شیئرز اچھے اور تجربہ کار بیرونی سرمایہ کاروں کو فروخت ہوں گے تاکہ وہ نئے اور اچھے پروڈکٹس متعارف کرواسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کا انویسٹر فیملی پروڈکٹس کی ضرورت ہے اور اس طرز کے پروڈکٹس آنے سے مارکیٹ کا سائز بھی بڑھے گا اور نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا رخ کریں گے۔ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے والے دیگر مقامی سرمایہ کاروں نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہتر کارکردگی کے سبب یہاں سرمایہ کاری پر تیار ہیں مگر وہ ملک میں سیاسی و سماجی استحکام اور معاشی پالیسی میں مستقل مزاجی دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ لوگ طویل مدت کیلئے سرمایہ کاری کرسکیں۔

اطلاعات کے مطابق مارکیٹ کے40 فیصد شیئرز کی خریداری میں دلچسپی لینے والے غیرملکی سرمایہ کارکمپنیوں کو پی ایس ایکس کے شیئرزکی فروخت کا حتمی اختیار سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو ہوگا اور ایسی سرمایہ کار کمپنیوں کو شیئرز فروخت کرنے کو ترجیح دی جائے گی جو اسٹاک ایکسچینج چلانے کا تجربہ رکھتے ہوں۔