جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی میں وکلا کا کردار ناقابل فراموش ہے ،سینیٹر سعید غنی

جمعرات 11 اگست 2016 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) صوبائی مشیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی تحریک سے لے کر جمہوریت کی بحالی کی تحریک تک اور اس کے بعد عدلیہ کی بحالی میں وکلا کا جو کردار دیا ہے وہ ملک کی تاریخ میں سنہرے حروف سے پہلے ہی درج ہوچکا ہے اور اب مملکت خداداد پاکستان کی بقا کا سوال پیدا ہوا تو ایک بار پھر وکلا نے دہشت گردوں اور پر امن پاکستان کے درمیان اپنے خون سے ایک بہت بڑی لکیر کھینچ دی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی وکلا کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزٹیم پی پی پی کی جانب سے کلفٹن دو تلوار کے مقام پر سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلا کو زبردست خراج تحسین پیش کرنے کے غرض سے شمعیں روشن کرنے کی ایک عوامی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں نثار کھوڑو، مکیش چاؤلہ، فیاض بٹ، انتھونی نوید، نادر حسین خواجہ،ذوالفقار قائم خانی،سردار نزاکت، نادیہ گبول، ٹیم پی پی پی کے اراکین ملیحہ منظور، ماجد آغا، شعیب مرزا اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

سعید غنی نے کہا کہ دہشت گرد وکلا کو ٹارگٹ کر کے قانون اور انصاف، انسانی حقوق اور جمہوریت پر کاری وار کرنا چاہتے تھے لیکن وہ اس میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں کیونکہ ملک بھر میں جگہ جگہ ان کی یاد میں شمعیں روشن کی جارہی ہیں جو کہ دہشت گردوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ وکلا سرخرو ہوگئے اور دہشت گرد نامراد ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اور شہادت کا فلسفہ اور اہمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا کہ یہ پارٹی شہدا کی پارٹی ہے اور عام کارکن سے لے کر اعلیٰ پارٹی قیادت نے حق و انصاف اور جمہوریت و امن دوستی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر ایک کارکن کے اس عزم کا اعادہ ہے کہ جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوجاتی ہم امن و خوشحالی اور جمہوریت کی بقا کیلئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :