آزادی ٹرین نمایاں اقدامات‘ ملک کے روشن مستقبل اور تاریخ آزادی سے قوم کو آگاہ کرنے کا روشن سفر ہے‘پرویز رشید

تمام لوگ دھرنوں کی سیاست سے نکل کر قومی پرچم کے سائے تلے متحد ہو کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں ٗخطاب ریلوے میں سیاست کو نہیں گھسنے دیا، نہ کوئی سفارش ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی مداخلت ہے ٗسعد رفیق

جمعرات 11 اگست 2016 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزادی ٹرین حکومت کے نمایاں اقدامات‘ ملک کے روشن مستقبل اور تاریخ آزادی سے قوم کو آگاہ کرنے کا روشن سفر ہے‘ دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج ‘سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کی قربانیوں کو بھی اس آزادی ٹرین میں اجاگر کیا گیا ہے ‘جامع اور زندہ علم ٹرین کے ذریعے قوم تک پہنچانے کے لئے آزادی ٹرین ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک جائے گی۔

وہ جمعرات کو مارگلہ ریلوے سٹیشن پر پاکستان ریلوے ‘وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کی مشترکہ تیار کردہ آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی‘ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ صباء محسن‘ مشیر ریلوے انجم پرویز‘ چیئر پرسن ریلوے بورڈ پروین آغا‘ پارلیمانی سیکرٹری ریلوے سید عاشق علی‘ چیف ایگزیکٹو ریلوے محمد جاوید انور کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت ریلوے کے افسران ‘سری لنکا سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق ‘وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کے ہمراہ آزادی ٹرین کا افتتاح کیا اور آزادی ٹرین میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، مقبوضہ کشمیر اور اقتصادی راہداری کے خوبصورت فلوٹس‘ آپریشن ضرب عضب، کشمیر اور پاکستانی ثقافت کے حوالے سے خصوصی گیلریز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد نواز شریف‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی اور اسلام آباد کے ڈپٹی میئر کی طرف سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کے متعلقہ افسران کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے اس ملک کے طالبعلموں‘ نوجوان نسل‘ بچوں‘ خواتین اور بزرگوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے 18کروڑ عوام کیلئے یوم آزادی کے موقع پر خوبصورت تخلیق کی ہے‘ یہ آزادی ٹرین ملک کے کونے کونے تک جائے گی اور اپنا امن ‘محبت اور اتحاد کا پیغام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹرین کے ذریعے ملک کے روشن مستقبل‘ حکومت کے نمایاں اور تاریخی اقدامات ‘ ملکی تاریخ، بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قیام پاکستان کیلئے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں‘ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لئے قربانیوں ‘دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج‘ سکیورٹی فورسز‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قربانیاں دینے والے ہیروز اور امن کے لئے کوششیں کرنے والوں کو ہم قوم کے سامنے پیش کر رہے ہیں، ہم نے ان کو آج بھی یاد رکھا ہوا ہے اور ہمیشہ یاد رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیمار محکمہ ریلوے کو جس انداز سے خواجہ سعد رفیق نے صحت مند کیا وہ واقعی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان ریلوے نے وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کے ساتھ ملکر یہ آزاد ی ٹرین تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے ٹرین کے افتتاح پر لوک فنکاروں کے فن کا مظاہرہ روک دیا گیا ہے‘ پوری قوم کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ریلوے کے افسران اور ملازمین نے ٹیم ورک اور دن رات کام کر کے یہ ٹرین تیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ریلوے نے کامیابیاں حاصل کرنا شروع کی ہیں‘ 2012-13 میں ریلوے کی آمدن 18 ارب روپے تھی لیکن تین سال محنت‘ لگن اور جذبے کے ساتھ کام کر کے ہم آمدن کو 36 ارب روپے تک لے گئے ہیں، مال گاڑیاں جو خسارے میں جارہی تھیں اس مد میں بھی11 ارب روپے آمدن حاصل کی ہے اور سوا کروڑ مسافروں کو ٹرین پر سفر کی طرف لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں سیاست کو نہیں گھسنے دیا، نہ کوئی سفارش ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی مداخلت ہے، افسران اور ملازمین اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ بھی کامیابی ہے کہ تین سالوں کے دوران ایک مرتبہ بھی ریلوے کے لئے بیل آؤٹ پیکج نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت اور ریاستی ادارے سب ملکر ملک کو مستحکم کریں گے اور دہشت گردی کو کچل دیں گے۔

انہوں دہشت گردوں کے کوئٹہ جیسے بزدلانہ حملے ہمیں دہشت گردی کے خلاف عزم سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام لوگ سیاسی اختلافات اور دھرنوں کی سیاست سے نکل کر قومی پرچم کے سائے تلے متحد ہو کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگست آزادی کا مہینہ ہے، اس میں بھی دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ اس ماہ کا تقدس کیا ہے‘ جو اس ماہ کا احترام نہیں کرتا وہ پاکستانی ہی نہں ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے کہا کہ آزادی ٹرین ملک کے ماضی‘ حال اور روشن مستقبل کی علامت ہے‘ آزادی کے نام پر انقلاب مارچ کرنے والوں کو سیاست کی بجائے اس ماہ کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین میں شہدائے وطن کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں معاشرے میں زندہ رہتی ہیں جن کی جڑیں ماضی میں ہوتی ہیں اور حکومت اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :