Live Updates

جی پی او چوک میں وکلاء تنظیموں اورتحریک آزادی کشمیر کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پاکستان کشمیر کی آزادی اور الحاق تک نا مکمل ہے،حکومت اور عوام مل کر کشمیر کی آزادی کی مہم تیز کریں،ہم اس وقت آزادی کی حقیقی خوشی منائیں گے جب کشمیر آزادہو گا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی ملے گی‘رہنماؤں کا احتجاج میں شریک شرکاء سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 18:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) لاہور کے جی پی او چوک میں وکلاء تنظیموں اورتحریک آزادیٔ کشمیر نے یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد اور مظاہرہ کا اہتمام کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی لاہور ٹیکس بار کے صدر فرحان شہزاد ایڈووکیٹ تھے۔تقریب میں بڑی تعداد میں وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک ہوئے۔اس موقع پر بھارت کے خلاف ،کشمیر کی آزادی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے نعرے بازی کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے تمام تعلقات ختم کئے جائیں۔

وزیر اعظم نواز شریف عالم اسلام کی سب سے پڑھی لکھی خاتون اور ملک و ملت کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا وعدہ پورا کریں۔تقر یب سے الامُہ لائرز فورم کے صدرمخدوم جمیل فیضی،حرمت رسولؐ لائرز موومنٹ کے صدرراؤ طاہر شکیل،نظریہ پاکستان لائرز فورم کے صدر چوہدری عبدالرؤف،مصطفائی جسٹس فورم کے صدرمیاں اشرف عاصمی،تحریک آزادی کشمیر کے مرکزی رہنما علی عمران شاہین،ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے ناظم اعلیٰ ممتاز اعوان،متحدہ جمیعت اہل حدیث کے ناظم اطلاعات شیخ نعیم بادشاہ کے علاوہ نعمان یحییٰ ایڈووکیٹ ،ڈاکٹرشاہد نصیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

فرحان شہزاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی آزادی اور الحاق تک نا مکمل ہے۔حکومت اور عوام مل کر کشمیر کی آزادی کی مہم تیز کریں۔ہم اس وقت آزادی کی حقیقی خوشی منائیں گے جب کشمیر آزادہو گا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی ملے گی۔جمیل فیضی نے کہا کہ پاکستان لاالہ الااﷲ کی بنیاد پر بنا تھا ۔پاکستان کو جب تک اس کے نظریہ کی منزل تک پہنچا نہیں دیا جاتا اور یہاں اﷲ کا قانون لاگو نہیں ہو جا تا،ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

علی عمران شاہین نے کہا کہ کشمیری قوم تکمیل پاکستان کی مہم اپنے خون سے چلا رہی ہے۔کشمیری جانوں پر کھیل کر پاکستان کا پرچم لہرا رہے ہیں اور نظریہ پاکستان کو زندہ کر کے ہمارے ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔کشمیریوں کی آزادی کے جدوجہد ہماری گردنوں پر ایک قرض ہے۔وزیر اعظم بھارت کے ساتھدوستی اور تجارت سے پہلے کشمیر کا مسئلہ حل کرائیں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کوواپس لائیں تا کہ قوم و ملت کی بے چینی ختم ہو ۔

اس کے بغیر ہمارے یوم آزادی کوئی اہمیت نہیں۔شیخ نعیم بادشاہ نے کہا کہ پاکستان سے ہر غیراسلامی نظام کا خاتمہ کرکے اسے صحیح معنوں میں اسلام بنا نا ہم سب کا فرض ہے۔وکلاء اس کے لئے قانونی جنگ لڑیں۔علامہ ممتاز اعوان نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون ہے، ہم نے اس مقصد کو پہلے حاصل کرنا ہے جس کے لئے یہ سب قربانیاں دی گئی تھیں۔

میاں اشرف عاصمی نے کہا کہ پاکستان کواسلامی بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔،راؤ طاہر شکیل، چوہدری عبدالرؤف،نعمان یحییٰ ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا کہ پاکستا ن کا دفاع ہم سب کا فرض اولین ہے۔پاکستان کے دشمنوں کو ہم منہ توڑ جواب دینے کے لئے ایک ہیں۔پاکستان کو اس کے نظریہ اسلام سے روشناس کرانے کے لئے ہر سطح پر کا م کیا جائے گا۔وکلاء اپنی صلاحتیں کشمیر کی آزادی ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور پاکستان کو لاالہ الا اﷲ کی منزل تک پہنچانے کے لئے صرف کریں گے اور یہ مہم جاری رہے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات