طارق فضل کا پولی کلینک ہسپتال کا اچانک دورہ ٗ مناسب انتظامات نہ ہونے پر ایمرجنسی انچارج معطل

صحت کے شعبہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ٗویزرمملکت طارق فضل چوہدری

جمعرات 11 اگست 2016 18:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد پولی کلینک کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کی ایمرجنسی میں میڈیکل ویسٹ کے ڈسپوزل کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر ایمرجنسی انچارج کو معطل کر دیا۔ وزیر مملکت نے ہسپتال میں دوائیوں کی دستیابی اور طبی سہولیات سے متعلق مریضوں سے معلو مات حاصل کیں اور مریضوں کی شکایات پر موقع پر احکامات جاری کئے۔

انہوں نے سٹاک سے ختم ہونے والی دواؤں کیلئے فوری ٹینڈر کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو اس سلسلہ میں مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر مملکت نے اپنی نگرانی میں میڈیکل ویسٹ کے ڈسپوزل کا عمل دیکھا اور اسے مقررہ معیار کے مطابق نہ ہونے پر انتظامیہ کی سرزنش کی اور ویسٹ ڈسپوزل کے عالمی معیارات اپنانے کا حکم دیا تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کیلئے انتظار گاہ کو بہتر بنانے اور پانی کی سہولت مہیا کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدر ی نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اسلام آباد کے ہسپتالوں میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہمارا مشن ہے، ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں کو سہولت پہنچانے سے صحت کا شعبہ ترقی کرے گا، حکومت اسلام آباد میں صحت کے شعبہ میں خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے اور انہیں صحت کے شعبہ میں بہترین سہولتیں ملیں گی۔