بچے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ان کی نگہداشت، حفاظت اور پرورش والدین کے ساتھ ساتھ ریاست کی بھی ذمہ داری ہے‘محمد رفیق رجوانہ

حکومت مستحق اور بے سہارا بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس سلسلے میں منتظم اداروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ،صاحب ثروت افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے پسماندہ اور پسے ہوئے طبقے کو ساتھ لے کر چلیں خصوصا یتیم اور بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل دینے کیلئے آگے بڑھیں ‘گورنر پنجاب

جمعرات 11 اگست 2016 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بچے عطیہ خداوندی ہیں اور ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ان کی نگہداشت، حفاظت اور پرورش والدین کے ساتھ ساتھ ریاست کی بھی ذمہ داری ہے،حکومت نے بچوں کے اغواء جیسے اہم معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر نپٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات اٹھانے کے لیے واضح احکامات جاری کیے ہیں ،ایسے گناؤنے کاروبار میں ملوث اشخاص کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

ان خالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں زیر کفالت بے سہارا ، مستحق اور نادار بچوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چیئر پرسن صبا صادق بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت مستحق اور بے سہارا بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں منتظم اداروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا صاحب ثروت افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے پسماندہ اور پسے ہوئے طبقے کو ساتھ لے کر چلیں خصوصا یتیم اور بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل دینے کے لیے آگے بڑھیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے کے بے سہارا بچوں کو در بدر کی ٹھوکریں کھانے کے لیے نہیں چھوڑا جا سکتا اور یہ امر خوش آئند ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ادارے کی سربراہ کو تاکید کی کہ بچوں کی پرورش ،نگہداشت اور تعلیم و تربیت میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بچوں کے اغواء کے واقعات سے عوام میں خوف و حرا س پایا جا رہا ہے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بُردہ فروش کسی طرح سے بھی کسی رعائت کے مستحق نہیں ،پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز کی کارکردگی اس حوالے سے حوصلہ افزاء ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور بچوں کو تنہا باہر مت بھیجیں۔ادارے کی چیئرپرسن صباء صادق نے بتایا کہ ادارے میں سینکڑوں بے سہارا بچوں کو تعلیم اور صحت کی جدید سہولتوں کے ساتھ ساتھ رہائش اور خوراک کی بھی سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ادارے میں باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے اور کوئی بھی بچہ گود لینے سے پہلے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب بچوں میں گھل مل گئے اور انہیں مختلف قسم کے تحائف پیش کئے۔ بچوں کو گورنر ہاؤس لاہور کی سیر بھی کرائی گئی ۔ بچے گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے۔