کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس،سندھ میں سی این جی مالکان کی لوٹ مار پر سخت تشویش کا اظہار

جشن آزادی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی ہڑتال 13 اگست کے بجائے 17 اگست کو کی جائے،ارشاد حسین بخاری کا خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت سیّد ارشاد حسین شاہ بخاریؔ منعقد ہوا۔ جس میں سندھ بس اونرز ایسوسی ایشن اور سندھ اے سی / نان اے سی اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی سمیت پورے سندھ میں سی این جی مالکان کی لوٹ مار پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور حیرت کا اظہار کیا گیا کہ اوگرا کی وارننگ کے باوجود سی این جی مالکان نے دیدہ دلیری سے ریاست کے اندر ایک سی این جی ریاست بنا کر کلو کو لیٹر میں تبدیل کرکے من مانی قیمت وصول کرنا شروع کی۔

لیکن ابھی تک اوگرا اور صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اجلاس میں ممبران کی جانب سے اس رائے کا اظہار کیا گیا کہ 13 اگست کی ہڑتال کے نتیجے میں 14 اگست جشنِ آزادی کی تیاریوں اور بھرپور طریقے سے منانے میں دشواری حائل ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

جس سے جشنِ آزادی کے پروگراموں پہ منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔ لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال 13 اگست کے بجائے 17 اگست کو کی جائے۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری مداخلت کرکے سی این جی مالکان کو اس غیر قانونی حرکت سے باز رکھیں اور ان کو حسبِ سابق کلو کے حساب اور پرانی قیمتوں پہ سی این جی فروخت کرنے پہ مجبور کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :