کراچی کے عوام بہت عرصے سے تبدیلی کے خواہشمند ہیں،جہانگیر خان ترین
تازہ ترین : 1

کراچی کے عوام بہت عرصے سے تبدیلی کے خواہشمند ہیں،جہانگیر خان ترین

جو محرومی ،غربت کراچی کے عوام نے دیکھی ہے ان کے زخموں پر مرہم ،دکھوں کا مداواتحریک انصاف ہر صورت کرے گی،رہنما تحریک انصاف

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست ۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بہت عرصے سے تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ جو محرومی اور غربت کراچی کے عوام نے دیکھی ہے ان کے زخموں پر مرہم اور دکھوں کا مداواتحریک انصاف ہر صورت کرے گی۔آئندہ الیکشن کراچی کی عوام کی حمایت سے جیتیں گے اور کراچی والوں کو ایک نیا کراچی دیں گے جس میں جرم، لاقانونیت ، دہشت گردی ، بے روزگاری اور معاشی غربت کا خاتمہ ہوگا اور کراچی کے عوام کھلی فضاء میں سانس لے سکیں گے۔

یہ باتیں انہوں نے کراچی کے دو روزہ دورے پر تحریک انصاف کراچی کے مرکز’’انصاف ہاؤس ‘‘ میں ورکر اجلاس ، لائرز ونگ، یوتھ ونگ، وومن ونگ ، لیبر ونگ کے نمائندوں اور پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل،نعیم بخاری، اسحاق خاکوانی،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ،سبحان علی ساحل، عزیز آفریدی، جمال صدیقی، دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے بنیادی مسائل سیاست دانوں کے پیدا کردہ ہیں۔ عوامی خدمت کے محکموں کو سیاسی بنیاد پر تباہ کیا جا رہا ہے۔ پانی ، بجلی، صحت و صفائی سے محروم کراچی کی عوام کو ان سیاسی بازیگروں سے نجات دلائیں گے جنہوں نے کئی دہائیوں سے کراچی شہر کو برباد کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی مربوط اندازمیں کی جا رہی ہے۔

آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیت کر انصاف کاجھنڈا بلند کرے گی ۔پارٹی کو گروپوں میں تقسیم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ایک بار پھر ان کو سختی سے کہتا ہوں کہ وہ گروپنگ چھوڑ دیں ۔ جو لوگ پارٹی میں گروپنگ کریں گے پارٹی میں ان کی کوئی جگہ نہیں ۔اندرون سندھ اور کراچی میں پارٹی کے فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کراچی میں ایک بار پھر قوت بن کر ابھرے گی ۔ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کو 2013کے انتخابات میں 8لاکھ سے زیادہ ووٹ دئے جو اس بات کی گواہی ہے کہ کراچی کے عوام سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف ہی کراچی کے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کر سکتی ہے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 11/08/2016 - 18:15:42

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں