سپریم کورٹ نے راولپنڈی سے گرفتار مبینہ دہشت گرد کی درخواست ضمانت خارج کردی

جمعرات 11 اگست 2016 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست ۔2016ء ) سپریم کورٹ نے راولپنڈی کے علاقے تھانہ صادق آباد کی حدود سے گرفتار مبینہ دہشت گرد کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پرخارج کردی ۔ کیس کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

مقد مہ کی کارروائی شروع ہوئی تو ملزم سمیع اللہ کے وکیل راجہ فرخ علی بھٹی نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کے خلاف کوئی ثبوت وگواہ نہیں ہے ،دوسرے مقدمے میں گرفتار کر کے دہشت گردی کے مقدمے میں شامل کر دیا گیا،اس پر جسٹس ثاقب نثار نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ پراسیکیوشن نے آپ کو اس مقدمے میں کیوں شامل کیا ،جبکہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر چوہدری زبیر کا کہنا تھا کہ ملزم سے 500گرام بارودی مواد اور تین ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے،ملزم کی نشاندہی پر ہی بارودی مواد کی ریکوری کی گئی،ملزم کے خلاف پہلے بھی دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی جس کے بعد عدالت نے ملزم سمیع اللہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔ ۔

متعلقہ عنوان :