سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی سیکورٹی سخت ، آئی جی سندھ کی بھی تلاشی

تلاشی پر اے ڈی خواجہ برہم ، عدالت کے سکریننگ روم میں جاکرسپیشل برانچ اور ایس ایس یو پر برس پڑے

جمعرات 11 اگست 2016 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) سانحہ کوئٹہ کے بعد سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی سیکورٹی بھی سخت کردی گئی جس کے بعد عدالت میں داخلے کے وقت آئی جی سندھ کو بھی تلاشی دینا پڑی۔ گاڑی چیک کرنے پر آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کی سرزنش کردی۔تفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں عدالتوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو بھی تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں داخلے کے وقت گاڑی چیک کرنے پر آئی جی سندھ نے برہمی کا اظہار کیا اور عدالت کے اسکریننگ روم میں جاکر،اسپیشل برانچ اور ایس ایس یو پر برس پڑے۔ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ نے سپریم کورٹ کے سیکورٹی افسران کو بھی سینٹرل پولیس آفس طلب کرلیاہے۔اس موقع پرکراچی بے امنی کیس کی سماعت کے لیے پیش ہونے والے چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن سمیت دیگر افسران کی گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔

دوسری طرف سینئر جج جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس خلجی عارف حسین نے سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا اور سپریم کورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں اور اسکریننگ روم کا بھی دورہ کیا۔ججوں نے متعلقہ حکام کو عدالتی احاطے کی سیکیورٹی مزید موثر اور مربوط بنانے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :