استحکام پاکستان کی جدوجہد عبادت ہے ،پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا ہوگا‘ اشرف آصف جلالی

سبز ہلالی پرچم کو فضاؤں میں لہراتے ہوئے اس کی عزت و آبرو اور اس کو سربلند رکھنے کا عزم کرنا ہو گا‘ سربراہ تحریک لبیک یا رسول ؐ

جمعرات 11 اگست 2016 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء تحریک لبیک یا رسول اﷲ ﷺ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کی جدوجہد عبادت ہے ،سبز ہلالی پرچم کو فضاؤں میں لہراتے ہوئے اس کی عزت و آبرو اور اس کو سربلند رکھنے کا عزم کرنا ہو گا، قومی پرچم قومی وقار کی علامت ہے اس وقار کے لیے پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا ہوگا،پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیاتی سرحدوں کی حفاظت بہت بڑا جہاد ہے جس کے لیے ہم نے اور ہماری آنے والی نسلوں کو کردار ادا کرنا ہے۔

مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں تقریب پرچم کشائی میں خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں ۔ان کی سرکوبی کے لیے قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے پاکستان اپنے نظریہ کی وجہ سے روئے زمین پر قرآن و سنت کا ایک تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کے نقشہ پر پاکستان کا وجود برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی داستان ہے ۔

پاکستان کی خوشحالی کا راز صرف اور صرف نظام مصطفیٰ ﷺ میں ہے ۔امپورٹڈ ایجنڈوں ،کرپشن،دہشت گردی اور اقربا پروری نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عہد کرنا ہو گا ۔شیخ الحدیث مولانا محمد ارشاد احمد جلالی نے کہا کہ نظریہ پاکستان ،نظریہ قرآن ہے۔

استحکام پاکستان کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔مفتی عبد الکریم جلالی نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اسلامائزیشن کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا ملک امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے خدا اسے سلامت رکھے۔تقریب میں مولانا محمد ارشاد احمد حقانی جلالی،مولانا محمد طاہر نواز قادری،مولانا محمد زاہد قادری ،مولانافیض الرسول نوارنی جلالی،مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی،مولانا محمد عبدالکریم جلالی،مولاناخالد محمود جلالی ،مولانا محمد فیاض احمد قادری ،مولانا محمد ریاست جلالی اور دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :