ہائیکورٹ کاوفاقی حکومت کوقومی پرچم کی حرمت کو یقینی بنانے کیلئے تین ماہ میں پالیسی وضع کرنے کا حکم

جمعرات 11 اگست 2016 17:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کوقومی پرچم کی حرمت کو یقینی بنانے کے لئے تین ماہ میں پالیسی وضع کرنے کا حکم دیدیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار طلحہ سیف نے موقف اپنایا کہ مارکیٹ میں مختلف رنگوں کے قومی پرچم فروخت کئے جا رہے ہیں جس سے نئی نسل اپنے اصل قومی پرچم کی شناخت بھول جائے گی جبکہ قومی پرچم اور جھنڈیوں پر سیاسی شخصیات کی تصاویر چھاپی جا رہی ہیں جو کہ پرچم کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف ہے ۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو قومی پرچم کی حرمت کو یقینی بنانے کے لئے تین ماہ میں پالیسی وضع کرنے اور قومی پرچم پر سیاسی شخصیات کی تصاویر چھاپنے اور مختلف رنگوں کے قومی پرچموں کی چھپائی سے متعلق بھی پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ کو درخواست پر تین ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔