کوئٹہ،وفاقی شرعی عدالت کے جج کے قافلے پر بم دھماکہ ،معجزانہ طورپر محفوظ رہے ،5پولیس والوں سمیت 17افراد زخمی

جمعرات 11 اگست 2016 17:02

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) کوئٹہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور خود کش حملہ کے بعد48گھنٹے میں دوسرا بم دھماکہ ،وفاقی شرعی عدالت کے جج بم دھماکہ میں معجزانہ طورپر محفوظ رہے تاہم ان کی سکواڈ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ،دھماکے میں 5پولیس والوں سمیت 17افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح تقریباً 9:15منٹ پر زرغون روڈ پر واقعہ سریاب فلائی اوور کے قریب نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا ہوا تھا جیسے ہی وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس ظہور شاہوانی کی گاڑی وہاں گزری زوردار دھماکہ ہوا تاہم ان کی گاڑی گزر چکی تھی ان کے سکواڈ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ،دھماکے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 17افراد زخمی ہوئے پولیس والوں میں ندیم ولد معراج رسول عصمت اللہ ولد سعداللہ ،محمد رفیق ، غلام فاروق ، عدار اللہ جبکہ سویلین میں حمید اللہ ولد عبداللہ ، محمد نذیر ولد جواد جان، عبدالحئی ولد حاجی شاہین ، رمضان ولد گل محمد ، نثارولد پائند خان ،محمد اسماعیل ولد گل خان ، احمد شاہ ولد عبدلباقی، محمد یوسف ولد پائند محمد ، محمود علی ولد خان محمد ، کہور خان ولد منظور احمد ، امین اللہ ولد مومین خان ، موسیٰ شاہ ولد ایوب شاہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی زدمیں انسداد ہشتگردی فورس کی گاڑی سمیت دو گاڑیاں دو موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ روڈ پر واقعہ نجی ہسپتالوں اور فلیٹوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔تما م زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔