ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شفیق الر حمن کی ہدایت پر جمشید زون میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ

جمعرات 11 اگست 2016 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)عدالتی احکامات کے پیش نظر اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شفیق الر حمن کی ہدایت پر جمشید زون میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے،اس سلسلے میں ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلدیہ شرقی زاہد بن خلیل اور اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد نازیہ زمان کی زیر نگرانی سوسائٹی آفس نزد خداداد کالونی میں دو ہوٹلوں کی جانب سے غیر قانونی طور پر قابض جگہوں کو مسمار کر کے راستوں کو کلئیر کر دیا گیا ہے ان ہوٹلوں کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا تھا جبکہ ملحقہ گلیوں میں آمدورفت بند ہوتی جا رہی تھی اس موقع پر مذکورہ افسران نے کہا کہ عدالتی احکامات اور اعلی افسران کی ہدایت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل کو دور کرنے کیلئے ضلع شرقی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا جا رہا ہے پہلے نوٹسز کا اجراء کر کے پابند کیا جاتا ہے کہ قابضین از خود تجاوزات یا تعمیرات کا خاتمہ کر دیں اگر مقررہ مدت میں ایسا نہیں ہوتا تو کاروائی کر کے ان کا خاتمہ ممکن بنایا جاتا ہے،مذکورہ کاروائی میں محکمہ انسداد تجاوزات جمشید زون کے افسران وعملے نے حصہ لیا۔