بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے‘بے گناہ کشمیریوں کو اپنا حق مانگنے کے جرم میں شہید کیا جا رہا ہے

مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے صدر و سابق وزیر دیوان علی خان چغتائی کا بیان

جمعرات 11 اگست 2016 15:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے صدر و سابق وزیر دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔آئے روز بے گناہ کشمیریوں کو اپنا حق مانگنے کے جرم میں شہید کیا جا رہا ہے ۔کشمیری عوام آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔

تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود بھی کشمیری عوام کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہو سکا ۔کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا کر کشمیری عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کی منزل پاکستان ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں اپنا دوہرا معیار ختم کر کے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لے کر کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق آزادی دلوائیں ۔

جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوجاتا اس وقت خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف افواج پاکستان کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ہم افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :