آزادکشمیر میں (ن) لیگی حکومت نے ترجیحات کے مطابق کا م کا آغاز کر دیا ہے‘
تازہ ترین : 1

آزادکشمیر میں (ن) لیگی حکومت نے ترجیحات کے مطابق کا م کا آغاز کر دیا ہے‘

عوام کو ایسا طرز حکومت دیں گے جس سے عوام اطمینان محسوس کریں گے‘ ہم تعمیر و ترقی کے جس روڈ میپ پر سفر شروع کر رہے ہیں ‘کارکنوں کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے‘کارکنوں کو انکا جائز مقام دیا جائیگا‘کارکن آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ‘بلدیاتی انتخابات سے عوام کو حکومت میں شراکت کے بھرپور مواقع فراہم ہوں گے‘قبضہ مافیا اور کرپٹ مگر مچھوں کا احتساب کرینگے ‘آزادکشمیر کو کرپشن فری معاشرہ میں بدل دینگے‘آزادکشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے منفی سیاست کرنے والوں کے ایجنڈے کو مسترد کر کے وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی وفد سے بات چیت

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست ۔2016ء )وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی ترجیحات کے مطابق کا م کا آعاز کر دیا ہے ۔آزادکشمیر کے عوام کو ایسا طرز حکومت دیں گے جس سے عوام اطمینان محسوس کریں گے۔ ہم تعمیر و ترقی کے جس روڈ میپ پر سفر شروع کر رہے ہیں اس سے آزادکشمیر کے عوام خوشگوار معاشی تبدیلیاں محسوس کریں گے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے ۔آزادکشمیر بھر کے کارکنوں کو انکا جائز مقام دیا جائے گا ۔کارکن آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ۔بلدیاتی انتخابات سے عوام کو حکومت میں شراکت کے بھرپور مواقع فراہم ہوں گے۔ جن حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے ان حلقوں میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے ذریعے ہی تعمیرو ترقی کے کام ہوں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں قبضہ مافیا اور کرپٹ مگر مچھوں کا احتساب کریں گے ۔آزادکشمیر کو کرپشن فری معاشرہ میں بدل دیں گے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے منفی سیاست کرنے والوں کے ایجنڈے کو مسترد کیا اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے ماضی میں عوام سے کی جانے والی نا انصافیوں کا ازالہ ہو سکے گا ۔آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ ہو گا اور قانون ،انصاف و میرٹ کی بالادستی کی حکمرانی قائم ہو گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے جو جو وعدے کر رکھے ہیں ان کو بتدریج پورا کیا جائے گا ۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایجوکیشن و ہیلتھ سروسز کو فوکس کر رکھا ہے ۔آزادکشمیر میں نیشنل ایجوکیشن پالیسی اور وزیراعظم ہیلتھ کارڈ سروسز کے ذریعے بلا تخصیص عوام کو صحت و تعلیم کی جدیدسہولیات مہیا کریں گے ۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ن لیگ کے منشور کو سوفیصد عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔میں نے سیاست میں خود کو عوامی خدمت کے لیئے وقف کر رکھا ہے ۔

مشنری جذبے سے خدمت خلق کے مشن کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں چڑھوئی سے سابق امید وار اسمبلی راجہ محمد اقبال کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔وفد میں سردار سرفراز ،راجہ اظہر ،عرفان جہانگیر اور دیگر شامل تھے دریں اثناء کوٹلی سے سابق امیدوار اسمبلی ملک یوسف کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں ماضی کی محرومیوں ،ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا ۔

آزادکشمیر میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے ایسا احتسابی عمل شروع کریں گے جس سے قصوروار بچ نہیں سکے گا۔احتسابی عمل میں کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔مسلم لیگ (ن) جن حلقوں میں انتخاب نہیں جیت سکی وہاں تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ۔دریں اثناء اسمبلی کے رکن برائے اوورسیئز جاوید اقبال سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تارکین وطن سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ہر بین الاقوامی فورم پر تحریک آزادی کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کریں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور رسوائے زمانہ قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی منظم نسل کشی اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق غصب کرنے پر بھارت کو اقوام عالم میں ایکسپوز کریں تاکہ دنیا یہ جان سکے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت انسانیت کا قاتل ہے ۔انسانیت کے علمبردار بھارت کو انسانیت کے قتل عام سے باز رکھیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی قربانیوں نے کشمیر ایشو کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے ۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کشمیر ایشو کے حوالے سے جو حقیقت پسندانہ اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا اس سے کشمیریوں کی جدوجہد کو نیا ولولہ ملا ہے ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی تحریک کامیابیوں سے ہمکنار ہو گی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی غاصبانہ قبضہ ختم ہو کر رہے گا
وقت اشاعت : 11/08/2016 - 15:26:12

اپنی رائے کا اظہار کریں