لیبیائی فورسز کا دولت اسلامیہ کے ہیڈکوارٹر پرقبضہ

داعش کے جنگجو سرت شہر کے تین رہائشی مقامات اور سمندر کے قریبی ویلا کمپلیکس میں موجود ہیں،حکومتی فورسز

جمعرات 11 اگست 2016 13:38

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء) لیبیا کی ملیشیا جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے کا کہنا ہے کہ انھوں نے سرت شہر میں خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والے شدت پسند تنظیم کے ہیڈکوارٹر کا کنٹرول حاصل کر لیا ۔اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کی وفادار فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اواگدوگو (کنونشن) سینٹر ہمارے قبضے میں ہے۔عراق اور شام کے باہر سرت دولت اسلامیہ کا سب سے مضبوط گڑھ تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ شہر فروری 2015 سے اس شدت پسند تنظیم کے زیر کنٹرول ہے۔

حکومت حمایتی فورسز کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجو اب بھی سرت شہر کے تین رہائشی مقامات اور سمندر کے قریبی ویلا کمپلیکس میں موجود ہیں۔تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے دولت اسلامیہ کے خلاف کیے جانے والے حملوں کا سب سے بڑا مقصد اواگدوگو سینٹر پر قبضہ حاصل کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان ردا عیسی کا کہنا ہے کہ فورسز نے سرت میں ابن سینا ہسپتال اور یونیورسٹی کیمپس کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس دوران کم از کم تین اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دولت اسلامیہ کے تقریباً 20 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔امریکی اندازے کے مطابق سرت شہر میں دولت اسلامیہ کے ایک ہزار کے قریب جنگجو ہیں جن میں سے زیادہ تر غیر ملکی اور عراق، شام لڑائی سے آنے والے ہیں۔اس سے قبل دولت اسلامیہ سے منسلک نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ دولت اسلامیہ نیسرت میں لیبیا کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔حکومتی فورسز نے بتایا ہے کہ ایک طیارے سے ان کا رابطہ ختم ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر دو افراد سوار تھے۔

متعلقہ عنوان :