کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد ..
تازہ ترین : 1

کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں ‘ یاسین ملک

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف مذموم بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پر یقین کامل ،مضبوط اتحاد و اتفاق اور مسلسل جدوجہد ہمارے وہ ہتھیار ہیں جن سے ہم ظلم و جبر اور دشمن کے اوچھے ہتھکنڈوں پر غالب آکر آزادی کی نعمت سے بہرہ مند ہو سکتے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد ملک نے سینٹرل جیل سرینگر سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پچھلے ایک ماہ سے زائد عرصے جل رہا ہے اور قابض فورسز نے ساٹھ سے زائد کشمیریوں کو خون میں نہلا دیا ہے،ہزاروں زخمی ہسپتالوں می موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں جبکہ سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں کے گھروں، گاڑیوں اور تجارتی مراکز کی توڑ پھوڑ بھارتی فورسز کا معمول بن چکا ہے جبکہ ایمبولنسوں، ڈاکٹروں ، ہسپتالوں کو بھی نہیں بخشا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ رات کے وقت گھروں پر چھاپے مار کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا جاتا ہے جبکہ بے گناہ نوجوانوں کو پکڑ پکڑ کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ظالم ہماری نئی نسل کو تہہ تیغ کرنے، ہمارے جوانوں کی بینائی سے محروم کرنے میں مصروف ہے ، ہم سب کو ایک ہوکر ظالموں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کشمیر سخت ترین حالات سے گزر رہا ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ہم پر اس طرح کے سخت ایام آتے ہیں ہمارا جذبہ اخوت، بھائی چارے کی فضا اور ایک دوسرے کی مدد وکرنے کا جذبہ بڑھ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 34روز کے دوران کشمیری جوانوں نے ضرورت مندوں تک مدد پہنچانے کیلئے جو بیش بہا خدمات انجام دی ہیں اور دے رہے ہیں وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ کشمیری ایک زندہ قوم ہے۔

دریں اثناء محمد یاسین ملک نے تحریک آزادی کے ممتاز رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید شیخ عبدالعزیز جیسے عظیم قائدین کی قربانیاں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے شیخ عبدلعزیز اور دیگر شہدائے کشمیر کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے محمد یاسین ملک شوکت احمد بخشی، نور محمد کلوال شبیر احمد گنائی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حریت قیادت کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبو ت ہے۔
وقت اشاعت : 11/08/2016 - 13:03:49

اپنی رائے کا اظہار کریں