بھارت جارحانہ ہتھکنڈے ترک کر کے کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے ‘حریت رہنماء

جمعرات 11 اگست 2016 13:03

vسرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماوٴں نے کہا ہے بھارت کو جارحانہ ہتھکنڈے ترک کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا پڑے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں منظور کی گئی حالیہ قرارداد جس میں کشمیر کے بارے میں مذاکرات شروع کرنے کیلئے کہاگیا ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ 1947کے بعد سے بھارت پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ لا تعداد مرتبہ مذاکرات کر چکا ہے تاہم مذاکرات کا کوئی بھی دور نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکا کیونکہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں ۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے بھارت کے ساتھ ہر قسم کے مذاکرات کو مستر کرتے ہوئے کہاکہ صرف کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دے کر ہی اس دیرینہ مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے ۔

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب تک بھارت کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیرکو ایک تنازعہ تسلیم نہیں کر لیتی امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ کشمیر کے بارے میں بھارتی پارلیمان میں بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات کے سوا تمام دیگر کوششیں لا حاصل مشق ثابت ہوں گی ۔انہوں نے بھارت او پاکستان سے کہاکہ وہ بامعنی مذاکرات شروع کریں اور کشمیریوں سے انکی خواہشات معلوم کرنے کیلئے انہیں اس عمل میں شامل کریں تاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اپنی روایتی ضداور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کر دے ۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین بشیر احمد بٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کے تین فریق ہیں جن میں بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت طویل عرصے سے نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنارہا ہے ۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے ایک بیان میں بھارتی پارلیمنٹ میں نام نہاد بحث اور ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کو ڈرامہ بازی قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ جب تک بھارت جموں وکشمیر متنازعہ حیثیت تسلیم نہیں کرتا موجودبھارت مخالف تحریک جاری رہے گی ۔