امریکہ ‘خواتین کی تیراکی کی ٹیم نے سونے کا تمغہ جیت کر امریکہ کو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رکھنے میں مدد دیدی

جمعرات 11 اگست 2016 12:48

امریکہ ‘خواتین کی تیراکی کی ٹیم نے سونے کا تمغہ جیت کر امریکہ کو پوائنٹس ..

ریو ڈی جنیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) امریکی خواتین کی تیراکی کی ٹیم نے چار ضرب200 میٹر فری سٹائل مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کر کے امریکہ کو پانچویں روز بھی پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست رکھنے میں مدد دی۔تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیم کی قیادت کیٹی لیڈیکی نے کی اور یہ ان کا ریو میں تیسرا طلائی تمغہ ہے۔آسٹریلیا نے چاندی، کینیڈا نے اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

سپین کی مشہور تیراک مِریا بیلمونتے گارسیا نے بالآخر سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔ دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد انھوں نے دو سو میٹر بٹرفلائی مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔گارسیا 2012 میں لندن میں ہونے والے اولمپکس میں بھی اسی مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا ‘ امریکی کیٹی لیڈیکی اول آئی تھیں۔

(جاری ہے)

امریکہ نے اب تک ان مقابلوں میں کل 31 تمغے جیتے ہیں، جن میں سونے کے دس، چاندی کے 11 اور کانسی کے دس تمغے شامل ہیں۔

پانچواں روز برطانیہ کے لیے خاصا اچھا رہا اور اس کے کھلاڑیوں نے دو طلائی تمغوں سمیت چھ تمغے حاصل کر کے اپنے ملک کو پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر پہنچا دیا۔جو کلارک نے کشتی رانی میں، ‘کرس میئرز اور جیک لا نے سِنکرونائئزڈ ڈائیونگ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔جاپان کے کوہیے اچیمورا نے مردوں کی جمناسٹکس میں ایک اور تمغہ حاصل کر کے اپنے اولمپک طلائی تمغوں کی تعداد تین تک پہنچا دی۔

27 سالہ جمناسٹ نے ایک سخت مقابلے کے بعد افقی بار پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کے اولیگ ورنیائف کو شکست دی۔تمغوں کی دوڑ میں چین بدستور دوسرے نمبر پر ہے ‘پانچویں روز ڈنگ ننگ نے خواتین کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کر کے اپنے ملک کے طلائی تمغوں کی تعداد دس تک پہنچا دی۔ چین کے کل تمغوں کی تعداد 23 ہے۔برازیل کی فٹبال ٹیم نے ڈنمارک کو چار صفر سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس سے قبل برازیل کے دونوں پول میچ بینتیجہ ثابت ہوئے تھے۔ادھر ریو 2016 کے منتظمین نے ماریا لینک اکویٹکس سینٹر کے سوئمنگ پول کا رنگ تبدیل ہو کر سبز ہو جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے جلد درست کر لیا جائے گا۔انٹرنیشنل سوئمنگ فیڈریشن نے کہا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ پانی کی ٹینکیوں سے بعض کیمیکل ختم ہو گئے تھے، البتہ اس سے تیراکوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔دوسری جانب گھڑسواری کے مرکز میں ایک اور کارتوس ملنے کے بعد سے سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :