صدر اوبامادولتِ اسلامیہ کے بانی ہیں۔ٹرمپ کا فلوریڈا میں خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اگست 2016 10:14

صدر اوبامادولتِ اسلامیہ کے بانی ہیں۔ٹرمپ کا فلوریڈا میں خطاب

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اگست۔2016ء)امریکا میں ری پبلکن صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر اوباما پر الزام لگایا ہے کہ وہ دولتِ اسلامیہ کے بانی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل میں تقریر کرتے ہوئے کہا دولتِ اسلامیہ والے بہت سے پہلووں سے صدر اوباما کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ دولتِ اسلامیہ کے بانی ہیں۔

انھوں نے اس بات پر زور دینے کے لیے اسے تین بار دہرایا۔ اس تقریر میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اوباما کا پورا نام براک حسین اوباما استعمال کیا۔ٹرمپ نے اپنی حریف ہیلری کلنٹن کو بھی ملوث کرتے ہوئے کہا کہ وہ دولتِ اسلامیہ کی شریک بانی ہیں۔ٹرمپ ایک عرصے سے اوباما اور ان کی سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن پر الزام لگاتے رہے ہیں کہ انھوں نے اپنی پالیسیوں سے عراق میں طاقت کا خلا پیدا کر دیا جس سے دولتِ اسلامیہ کو پنپنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہلیری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلحہ رکھنے کے حقوق کے حوالے سے بیان پر کہا کہ ٹرمپ لوگوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔ریاست آئیووا کے شہر ڈے موئنز میں بات کرتے ہوئے کلنٹن نے کہا کہ الفاظ کے بہت سارے مضمرات ہو سکتے ہیں۔کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کا صدر بننے کا مزاج ہی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کل نے ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے تبصروں کے طویل سلسلے میں ایک اور تبصرہ دیکھا جس میں انھوں نے حدیں پار کی ہیں۔

ان کی ایک گولڈ سٹار خاندان کے ساتھ سرسری بےرحمی کا برتاو، ان کی سرسری تجویز کہ زیادہ ملکوں کے پاس ایٹمی اسلحہ ہونا چاہیے، اور اب تشدد پر سرسری طور پر اکسانے کا واقعہ۔ان میں سے ہر ایک سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی صدر اور کمانڈر ان چیف بننے کا مزاج ہی نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز شمالی کیرولائنا میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ اسلحہ رکھنے کے حقوق کی وکالت کرنے والے ہلیری کلنٹن کو اقدار میں آنے سے روک سکتے ہیں۔

ان کے اس بیان کے بعد آن لائن تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جن میں لوگوں کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔تاہم ان کی مہم کی ٹیم نے وضاحت کی کہ اس بیان سے ڈونلڈ ٹرمپ کا مقصد گن رائٹ کی حمایت کرنے والوں کو بیلٹ باکس تک لانا تھا تاکہ سیاسی طور پر تبدیلی آ سکے۔