پیپلزپارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ،سانحہ کوئٹہ کی مذمت،شہداء کیلئے فاتحہ خوانی

نیشنل ایکشن پلان پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین پرمشتمل کمیٹی بنا نے کی تجویز پیپلزپارٹی کا وفد خورشید شاہ کی قیادت میں کوئٹہ جا کر سوگوار خاندانوں سے تعزیت کریگا

بدھ 10 اگست 2016 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس مین سانحہ کوئٹہ کی مذمت اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی‘ کمیٹی میں اراکین نے تجویز دی کہ نیشنل ایکشن پلان پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین پرمشتمل کمیٹی بنائی جائے اور کمیٹی کا نام نیشنل سکیورٹی کمیٹی آف دی پارلیمنٹ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اراکین کمیٹی نے تجویز دی کہ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں قرار داد بھی لائی جائے ۔ کمیٹی میں پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد خورشید شاہ کی قیادت میں کوئٹہ جائے گا۔ وفد کوئٹہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرے گا اس کے علاوہ وفد ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کرے گا۔ اس کے چند روز بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں گے۔