پاک سرزمین پارٹی نے ضلع لاہور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران کا باضابطہ اعلان کردیا

جشن آزادی کی تقریبات کو بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ ، شہداء کوئٹہ کی فیملیز شرکت کر کے ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو مضبوط پیغام دیں،کوئٹہ واقعہ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی سوچی سمجھی اور مذموم سازش تھی ‘ مبین الدین قاضی کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 10 اگست 2016 22:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی نے ضلع لاہور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کو منسوخ کروانے کے لئے کوئٹہ کو لہو لہان کیا گیا لیکن اگر ہم خاموش ہو گئے تو یہ ’’را‘‘کے ایجنٹوں کی فتح ہو گی ، اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 14کو جشن آزادی کو بھرپورطریقے سے منا کر اس سازش کو پو ری طرح ناکام بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے رکن نیشنل کونسل ایڈوکیٹ سپریم کورٹ مبین الدین قاضی نے گزشتہ روز پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر جوائنٹ انچارج ضلع لاہور رانا بشیر احمد ، جوائنٹ انچارج لاہور ڈویڑن ر انا جاوید اقبال ، انچارج لائرز فورم لاہور ڈویڑن سجاد بھٹی اور جنرل سیکرٹری لاہور ڈویڑن علی عباس سمیت ضلع لاہور کی نئی اعلان کردہ آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیدار ا ن کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

مبین الدین قاضی نے کہا کہ 14اگست کی تقریبات کو منسوخ کروانے کے لئے کوئٹہ کو لہو لہان کیا گیا ،یہ ایک باقائدہ سوچی سمجھی اور مذموم سازش تھی تاکہ لو گوں میں خوف و حراس پیدا ہو اور وہ جشن آزادی کی تقریبات نہ منائیں لیکن اگر ہم خاموش ہو گئے تو یہ ’’را ‘‘کے ایجنٹوں کی فتح ہو گی ، اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 14کو جشن آزادی کو بھرپورطریقے سے منا کر اس سازش کو پو ری طرح ناکام بنائیں گے ، پو ری قوم کو متحد کریں گے اور پہلے سے بھی زیا دہ جو ش و خروش سے منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات میں کوئٹہ کے شہدا ء کی فیملیز آئیں تاکہ ہم ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو ایک مضبوط پیغام دے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ 13 اگست کی رات10 بجے اچھرہ میں لاہور کے ضلعی رابطہ دفتر کا افتتاح کریں گے اور پاکستان ریلی نکالیں گے جو کہ اچھرہ سے شروع ہو کرشہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لبرٹی گول چکر پر ختم ہو گی اور وہا ں رات 12بجے جشن آزادی کا کیک کا ٹا جائے گا، اگلے دن صبح 8بجے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی جبکہ اس کے بعد مینار پاکستان جا کر کیک کا ٹاجائیگا، پرندے آزاد کیے جائیں گے اورتمام عہدیداران پاکستان سے محبت اور وفاداری کا تجدید عہد کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے پاک سرزمین پا رٹی کی ضلع لاہور کی آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران کا باضابطہ طورپر اعلان کردیا گیا جس کے مطابق ارشاد الحق چوہدری کو انچارج لاہور آرگنائزنگ کمیٹی ، رانا بشیر احمد کو سینئر جوائنٹ انچارج ، سید افضال نقوی کو جوائنٹ انچارج ، عمران رمضان چوہدری کو جوائنٹ ا نچارج ، بابر ظفر چیمہ کو جنرل سیکرٹری ، شفیق قادری کو جوائنٹ سیکرٹری ، ندیم بلوچ کو جوائنٹ سیکرٹری ، قمر مراد گجر کو نائب صدر لائرز فورم جبکہ مسز فوزیہ شوکت کو جوائنٹ سیکرٹری ویمن ونگ کا عہدہ دیا گیا ہے۔