ملک دشمن عناصر نہتے اور بے گناہ شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنارہے ہیں،میرظہور حسین کھوسہ

کوئٹہ میں وکلاء پر خود کش حملہ پاکستان پر حملہ ہے ،ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،رکن اسمبلی

بدھ 10 اگست 2016 21:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر خوراک میراظہار حسین کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں وکلاء پر خود کش حملہ پاکستان پر حملہ ہے جس میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے سول ہسپتال کوئٹہ میں فائرنگ اور خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بلوچستان بارایسوسی ایشن کے صدر بلال انورکاسی ، عدنان کاسی ایڈووکیٹ، ،بشیر زہری ایڈؤوکیٹ ،داود کاسی ایڈؤوکیٹ کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نہتے اور بے گناہ شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کا نشانہ بنارہے ہیں جن کے مذموم مقاصد کو عوام کے ساتھ ملکر خاک میں ملادیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی بہتری کیلئے اقدامات کئے ہیں جس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء ،صحافیوں اورشہریوں پر خودکش حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے واقعہ میں ملوث عناصر مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے جلد ہی کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء ،صحافیوں اوردیگرافراد کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔