قومی اسمبلی نے قانون ساز اسمبلی کے وجود میں آنے کے 69 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کرلی

قانون ساز اسمبلی کے 69 سال مکمل ہونے پر تقریب سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ٗسردار ایاز صادق

بدھ 10 اگست 2016 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی نے قانون ساز اسمبلی کے وجود میں آنے کے 69 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کرلی ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہاہے کہ قانون ساز اسمبلی کے 69 سال مکمل ہونے پر تقریب سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ۔ بدھ کو وفاقی وزیر زاہد حامد نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ عقیدہ مساوات انسانی کے تحت ہم اپنے قومی اور سیاسی اتحاد اور یکجہتی کو تحفظ دے سکتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس اعلان کہ پاکستان ایک جمہوری ریاست ہوگی جہاں سماجی انصاف اسلامی اصولوں کی بنیاد پر ہوگا‘ کے وفادار ہیں۔ قرارداد میں پاکستان کے عوام کی جانب سے مظلوم اور جمہوریت کے خلاف اقدامات کے لئے انتھک جدوجہد سے جمہوریت کو محفوظ بنانے کی کامیابیوں کو سراہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کے لئے عوام کی جانب سے اس وقت تک دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ ہے۔

قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ فیڈریشن کو اس کے اصولوں کے مطابق بنایا جائے گا جس میں پاکستان کے عوام کو خوشحال اور ان کے حقوق اور دنیا میں ایک باعزت قوم کے طور پر مقام حاصل ہو۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں منظوری کے لئے پیش کی جس کی متفقہ طور پر منظوری دیدی گئی۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 10 اگست 1947ء کو پہلی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا69 سال ہوگئے ہیں ہم اس حوالے سے تقریب منانا چاہتے تھے مگر افسوسناک سانحہ کی وجہ سے پروگرام ملتوی کردیا گیا۔