اقلیتوں کے دن کے طور پر منانے کا مقصد قومی زندگی میں ان کی خدمات کا بھی اعتراف ہے،ممنون حسین

موجودہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے متعدد غیر معمولی اقدامات کیے جو اس حوالے سے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ،صدر مملکت کا اقلیتوں کے دن کے موقع پر پیغام

بدھ 10 اگست 2016 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) ہم 11 اگست کا دن اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر مناتے ہیں جسے ہماری قومی تاریخ میں خاص مقام حاصل ہے ۔ آج کے دن ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کی روشنی میں تمام مذاہب کے لوگوں کو بلاتفریق حقوق کی فراہمی کے عہد کی تجدید کرتے ہیں ۔ اقلیتوں کے دن کے طور پر منانے کا ایک مقصد قومی زندگی میں ان کی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری اقلیتی برادری کی وطن سے محبت اور اس کے لیے آگے بڑھ کر کچھ کر گزرنے کا جذبہ بے مثال ہے اورقومی دھارے میں ان کا فعال کردار اس کاگواہ ہے۔قائد اعظم ؒنے پہلی قانون ساز اسمبلی سے اپنی تاریخ ساز تقریر میں فرمایا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق برابر ہوں گے۔قائد اعظمؒ کی ان ہی سنہری ہدایات کی روشنی میں موجودہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کے لیے متعدد غیر معمولی اقدامات کیے ہیں جو اس حوالے سے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔آئیے! آج کے دن یہ عہد کریں کہ مذہبی ہم آہنگی کے لیے ہم اپنی کوششیں مزید تیز کریں گے تاکہ وطن عزیز میں جمہوری روایات فروغ پاسکیں اور معاشرے میں امن، رواداری اورمذہبی ہم آہنگی کے جذبات پروان چڑھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :