ڈ ائریکٹر جنر ل سو شل ویلفیئر اینڈ بیت المال کا پنجاب کے تمام نگہبان سینٹرز کے منتظمین کیساتھ ہنگامی اجلاس

سینٹرز کے مکینوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے اور گھر سے بھاگ کر آنیوالے بچوں کی جلد از جلد والدین کو حوالگی کی ہدایت

بدھ 10 اگست 2016 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) ڈائریکٹر جنرل سو شل ویلفیئر وبیت المال پنجاب وحید اختر انصاری کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر کے ہیڈ آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کے زیر نگرانی صوبے کے تمام اضلاع میں گمشدہ،اغواء کے بعد بازیاب اور گھر سے بھاگے ہوئے بے سہارابچوں کی بحالی کے لیے خدمات سرانجام دینے والے نگہبان سینٹرز کے منتظمین نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور ان میں مقیم بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔ منتظمین نے ڈائریکٹر جنرل کو اپنے اپنے سینٹر کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور محکمہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل نے ضلعی افسران کو کمیونٹی کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم چلانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم میں علاقے کہ اکابرین،علماء اور این جی اوز کو شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

والدین میں بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے اور ان کی صحبت سے باخبری کا شعور اجاگر کیا جائے بالخصوص ناخواندہ اور کم آمدن والے گھرانوں کو بچوں پر عدم توجہ کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کے وہ سینٹرز کی سیکیورٹی کو فول پروف بنائیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کو بچوں تک رسائی نہ دیں۔ بچوں میں کسی قسم کا خوف و ہراس نہ پھیلنے دیں اور گھروں سے بھاگ کر آنے والے بچوں کو جلد از جلد ان کے والدین سے ملوائیں تاکہ انہیں مزید کرب سے نہ گزرنا پڑے۔ انہوں نے پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ تعینات عملہ کو بھی مستعد رہنے کی تاکید کی۔

متعلقہ عنوان :