کتابوں سے محبت کرنے والے لوگ بھائی چارے ، امن و اخوت، یگانگت اورانسان دوستی کے امین ہوتے ہیں

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا آزادی کتاب میلے کی تقریب سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) کتاب صرف وفادار ساتھی ہی نہیں بلکہ اپنے چاہنے والوں کے لیے ترقی اور بلندی کا زینہ بھی ثابت ہوتی ہے ٗکتابوں سے محبت کرنے والے لوگ بھائی چارے ، امن و اخوت، یگانگت اورانسان دوستی کے امین ہوتے ہیں۔ جو روشنی اندر سے پُھوٹتی ہو اُسے معدوم نہیں کیا جا سکتا۔ علم کی روشنی بھی ایسی روشنی ہے جو دلوں کے اندر سے جِلا پاتی ہے اور ایک فرد کی شخصیت کی تکمیل اور قوم کی تعمیر و تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

یہ باتیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے یونیورسٹی آف بلوچستان میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام این بی ایف کے شروع کیے گئے ا ٓٹھ روزہ آزادی کتاب میلے کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ امن پسند اورکتاب دوست ہیں،انہوں نے کتاب سے محبت اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور این بی ایف کی طرف سے کتاب میلے کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے پبلشرز کے جذبے کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس موقع پرپیغام دیتے ہوئے کہا کہ آئیں اور پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو تھام لیں کیوں کہ امن پسندی کا سب سے بڑا ذریعہ کتاب دوستی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن جس طرح کتاب دوستی اور فروغ کتب بینی کا پیغام گھر گھر پہنچا رہا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی یہ کتاب میلہ ایک بریک تھرو کی حیثیت رکھتا ہے۔

مہمانِ خصوصی بعد ازاں بک سٹالوں پر گئے اور وہاں کتب دیکھیں۔ قبل ازیں ملک کے نامور اسکالر ،مصنف اور این بی ایف بُک ایمبیسیڈرمنیر بادینی نے اپنے کلیدی خطبے میں این بی ایف کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ کتاب کا انسان سے ایک روحانی رشتہ ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے لوگوں کے بارے میں ایک سروے میں کہا گیا ہے ہے کہ بلوچستان کے لوگ سب سے زیادہ لکھنے پڑھنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کتاب میلے تسلسل سے منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے این بی ایف سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کتاب میلے کا افتتاحی ربن سابق صوبائی وزیر تعلیم اور سینئر ترین شخصیت سردار رضا بڑیچ نے کاٹا، اس موقع پرنیشنل بُک فاؤنڈیشن کا’’ کتاب ترانہ‘‘ پیش کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں زندگی کے ہر شعبے کے نامور لوگوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔یونیورسٹی آف بلوچستان میں این بی ایف کا آزادی کتاب میلہ ان دنوں جاری ہے۔ این بی ایف کے زیر اہتمام لکی بک ڈراء، بک ریڈنگ سیشنز، کوئز مقابلے اور دیگر معلوماتی اور دلچسپ پروگرام روزانہ پیش کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :