پراونشل ٹرانزیشن ٹیم نے نئی ضلعی حکومتوں کے انتظامی ڈھانچے کو حتمی شکل دیدی

نئے’’انٹیرم فنانس کمیشن ایوارڈ‘‘ کو 15اگست تک حتمی شکل دے دی جائے گی‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

بدھ 10 اگست 2016 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی پراونشل ٹرانزیشن ٹیم نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی کنوینر شپ میں صوبائی حکومت سے نو منتخب مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی اور ضلعی سطح پر ہیلتھ اتھارٹیز اور ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیزمیں مقامی حکومتوں کے اہلکاروں کی تعیناتی، اثاثوں اور واجبات کی تقسیم کے علاوہ درجہ با درجہ فنڈز کے اجراء کے حوالے سے تمام تر انتظامات اورضروری پیرامیٹرز کا تعین کر لیا گیا ہے- نئے مجوزہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سیٹ اپ کے ڈرافٹ بل کے مطابق پنجاب میں لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے منتخب لارڈ میئر، 9ڈویثرنل ہیڈ کوارٹرز میں میونسپل کارپوریشنز کے میئرز،ڈپٹی میئرز،25میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں اور ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے عہدہ سنبھالتے ہی پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کی جگہ نیا انتظام نافذالعمل ہو جائے گاجس کے تحت ہر ڈویثرن میں کمشنرز کے دفاتر بدستور کام کرتے رہیں گے جبکہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن آفیسرزکی بجائے ڈپٹی کمشنرز تعینات کئے جائیں گے-نئے انتظام کے تحت ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ کی 29آسامیاں جبکہ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 18پوسٹیں ختم کر دی جائیں گی-میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور میں گریڈ20کا چیف آفیسر تعینات ہو گا -باقی اضلاع کی11 میونسپل کارپوریشنزمیں گریڈ19کے چیف آفیسرز تعینات ہوں گے ،ڈویثرنل ہیڈ کوارٹرز والے اضلاع کی ضلع کونسلز میں گریڈ 19کے چیف آفیسرز تعینات کئے جائیں گے جبکہ 18اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی میں گریڈ18کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز مقرر کئے جائیں گے -اسی طرح سیالکوٹ اور گجرات کے اضلاع اور تحصیل مری میں بھی گریڈ19کے چیف آفیسرز کی تعیناتی عمل میں آئے گی جبکہ باقی 27ضلع کونسلز میں سے 8بڑی ضلع کونسلوں میں گریڈ18 کے چیف آفیسرزتعینات کئے جائیں گے-ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر میونسپل کیڈر کے ملازمین کو سکولوں اور ڈسپنسریوں میں پہلے کی طرح پروموشن کے حقوق کو تحفظ ملے گا البتہ ان ٹیچرز اور پیرامیڈکس کی خدمات اب ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیزاور ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کو ٹرانسفر ہو جائیں گی -ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں چیف ایگز یکٹو آفیسر کے علاوہ منتخب عوامی نمائندوں اور ٹیکنوکریٹس ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر،متعلقہ میڈیکل سپرنٹنٹڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ،ایڈیشنل ڈی ایچ او،ڈسٹرکٹ نرسنگ آفیسر،ڈسٹرکٹ میڈیکو لیگل آفیسر،ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر،ڈی ایچ او پریونٹو سروسز ، ایڈیشنل ڈی ایچ او اور ڈسٹرکٹ فنانس اینڈ پلاننگ آفیسرکے علاوہ ڈسٹرکٹ انٹرنل آڈٹ آفیسرپر مشتمل ہو گی-لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنرز و کمشنرز آفس کے سرکاری ملازمین کے سروس رولز اور کنڈکٹ آف پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس میں مناسب ترامیم کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ محکمہ فنانس پنجاب نے نو منتخب یونین کونسلوں کو ٹرانزیشن گرانٹ کے طور پر 650ملین روپے فوری گرانٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے -اسی طرح ضلعی حکومتوں کے دیگر افسران کے دفاتر میں ضروری فرنیچر،ایکوئپمنٹ اور گاڑیوں کی فراہمی کے لئے 313ملین روپے مختص کر دیئے گئے ہیں -اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ نئے’’انٹیرم فنانس کمیشن ایوارڈ‘‘ کو 15اگست تک حتمی شکل دے دی جائے تاکہ اس کا ڈرافٹ ڈیزائن منظوری کے لئے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوایا جا سکے-

متعلقہ عنوان :