عراق ، میٹرنٹی ہسپتال میں آگ لگنے کے باعث 11 نوزائیدہ بچے جاں بحق

ہسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، دھواں بھر جانے کی وجہ سے نوزائیدہ بچوں کا دم گھٹ گیا،عراقی وزارت صحت

بدھ 10 اگست 2016 17:22

عراق ، میٹرنٹی ہسپتال میں آگ لگنے کے باعث 11 نوزائیدہ بچے جاں بحق

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) عراق کے دارالحکومت بغداد میں سب سے بڑے میٹرنٹی ہسپتال میں آگ لگنے کے باعث 11 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ دارالحکومت بغداد کے یرموک ہسپتال میں پیش آیا اور اس واقعے میں 3 بچے پھیپھڑوں میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے تھے تاہم انہیں بچالیا گیا۔

(جاری ہے)

عراقی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی اور ہسپتال میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے 11 نوزائیدہ بچوں کا دم گھٹ گیا۔ایک اور عہدے دار نے بتایا کہ ہسپتال میں موجود 29 مریضوں کو بحفاظت دوسرے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور جو بچے ہلاک ہوئے وہ قبل از وقت پیدا ہوگئے تھے اور انہیں انکیوبیٹر پر رکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ عراق کے زیادہ تر سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور لوگ مجبوراً پرائیوٹ ہسپتالوں سے مہنگا علاج کرانے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ عنوان :