افغان سیکورٹی فورسز کا انسداد دہشتگردی آپریشن ، طالبان کے ضلعی فرضی گورنر سمیت 14شدتپسند ہلاک ،21زخمی

قندوز میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں صوبائی انٹیلی جنس چیف زخمی مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان اورامریکی فورسز نے آپریشن کے دوران داعش کے اہم رہنماؤں سمیت 300شدت پسندوں کو ہلاک کردیا، افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جنرل جان نکلسن کی نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 17:22

کابل /نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن میں طالبان کے ضلعی فرضی گورنر سمیت 14عسکریت پسند ہلاک اور 21زخمی ہوگئے جبکہ شمالی صوبہ قندوز میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں صوبائی انٹیلی جنس چیف زخمی ہوگئے،دوسری جانب افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان اورامریکی فورسز نے آپریشن کے دوران داعش کے اہم رہنماؤں سمیت 300شدت پسندوں کو ہلاک کردیا ۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ قندوز میں فوجی آپریشن کے دوران طالبان کے ضلعی فرضی گورنر سمیت 14عسکریت پسند ہلاک اور 21زخمی ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع امام صاحب میں کیا گیاجس میں افغان سیکورٹی فورسز کو ائیرفورس کی مدد بھی حاصل تھی ۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران 2افغان فوجی بھی ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ۔ادھر افغان شمالی صوبہ قندوز میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں صوبائی انٹیلی جنس چیف زخمی ہوگئے ۔

صوبائی سیکورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنرل محمد جاسیم انواری ائیرپورٹ کی طرف جارہے تھے کہ طالبان نے حملہ کردیا جھڑپ کے دوران صوبائی انٹیلی جنس چیف زخمی ہوگئے۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ جنرل انواری معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم طالبان کا دعویٰ ہے کہ وہ شدید زخمی ہیں۔طالبان نے جاری آن لائن بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جنرل انواری کوجھڑپ کے بعد شدید زخمی حالت میں کابل منتقل کیا گیا ہے تاہم سرکاری حکام نے طالبان کے دعوے کو مسترد کردیا ہے ۔

دوسری جانب افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان اورامریکی فورسزکی جانب سے 2ہفتے قبل شروع کیے گئے آپریشن میں شدت پسند تنظیم داعش کے 300شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔گزشتہ ماہ داعش نے کابل میں ہزاری برادری کے احتجا ج میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 80افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔جنرل جان نکلسن جو افغانستان کو کچھ ہتھیاروں کی فراہمی اور تربیتی امور پربھارتی فوجی حکام سے گفتگو کیلئے نئی دہلی میں ہیں کا کہنا تھاکہ افغان سیکورٹی فورسز نے امریکہ کی حمایت سے داعش کے خلاف انسداد دہشتگردی آپریشن شروع کیا ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ داعش کے اہم رہنماؤں سمیت300سے زائد شدت پسند مارے جاچکے ہیں۔