شہداد پور،جشن آزادی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، شہریوں نے اپنے گھروں اور دکانوں پر قومی پرچم لگانا شروع کر دئیے

بدھ 10 اگست 2016 17:19

شہدادپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)جشن آزادی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، شہریوں نے اپنے گھروں اور دکانوں پر قومی پرچم لگانا شروع کر دئیے ۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے حوالے سے شہدادپور میں زور شورسے تیاریاں کی جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں شہریوں نے اپنے گھروں اور دوکانوں پر قومی پرچم لگانا شروع کر دئیے ہیں جبکہ پاکستانی پرچم اور خوبصورت اسٹیکرز اور بیجز کی فروخت کرنے والی دوکانوں اور اسٹالوں پر لاؤڈ اسپیکر لگاکر قومی و ملی نغموں اور قومی ترانے بجانے کا سلسلہ جاری ہے ۔

ان دوکانوں اور اسٹالوں پر اسٹیکرز ، قومی پرچم ، جھنڈیاں اور دیگر بیجز کی خریداری کا سلسلہ پورے دن جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے ایک قومی جوش و جذبہ واضع طور پر محسوس کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب شہر کے علاوہ قریبی دیہاتوں میں نوجوان اور بچے اپنی موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں پر چھوٹے قومی پرچم لگاکر گھوم رہے ہیں ۔اس کے علاوہ 14 ۔ اگست جشن آزادی والے روز مختلف سیاسی ، سماجی اور دینی تنظیموں کی جانب سے پروگراموں کا اعلان کیا گیا ہے ۔

جس کے تحت میونسپل کمیٹی کی جانب سے مین پروگرام گورنمنٹ مین سندھی پرائمری اسکول میں پرچم کشائی اور اسکولوں کے بچوں کے درمیان ملی و قومی نغموں اور تقاریر کے مقابلے منعقد ہوں گے ۔ وائس آف شہدادپور سٹیزن آرگنائزیشن ، فیضان فاؤنڈیشن اور سندھ جرنلسٹ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے اسپتال کے مریضوں اور جیل میں قیدیوں میں مٹھائی اور پھل تقسیم کئے جائیں گئے ۔ گورنمنٹ اسکولوں اور پرائیویٹ اسکولوں میں قومی وملی نغموں کے پروگرام منعقد ہوں گے۔