پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں انسدادڈینگی پر خصوصی لیکچر کا اہتمام
تازہ ترین : 1

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں انسدادڈینگی پر خصوصی لیکچر کا اہتمام

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اگست ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے دفاتر اور پارٹنر سکولوں میں ڈینگی سے محفوظ ماحول کو پروان چڑھانے کے لیے مربوط اقدامات کیے ہیں ،اس حوالے سے طالب علموں کو یہ ترغیب بھی دی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے فعال کر دار ادا کریں تا کہ صحت مند ماحول پروان چڑھے۔یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) رانا عبدالقیوم کی جانب سے صدر دفتر میں افسران و ملازمین کے لیے انسداد ڈینگی کے بارے میں خصوصی لیکچر کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

طارق محمود نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سکولوں میں ڈینگی سے پاک ماحول کے قیام کے لیے متواترسرگرم ہے ۔اس حوالے سے اساتذہ اور طالب علم کمیونٹی کا کردار اہمیت رکھتا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے طالب علموں کا سماجی کردار ابھارا جائے تا کہ ان کے فلاحی کردار سے پورے سماج کو فائدہ پہنچے۔

ایم ڈی پیف نے ہدایت کی کہ سالانہ بنیادوں پرمنعقد ہونے والے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ میں ڈینگی سے بچاؤ کے بارے مواد شامل کیا جائے تاکہ طالب علموں کی آگاہی میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہالت و ناخواندگی ڈینگی سے زیادہ مضر رساں ہے ،اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے نجی سکولوں سے الحاق کر کے صوبے بھرکے20لاکھ سے زائد انتہائی مستحق بچوں کو گھروں کے نزدیک میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی ہے۔

ہمارا عزم ہے کہ ہم مستحق بچوں کی تعلیم تک یکساں رسائی ممکن بناکر جہالت کو شکست فاش دیں گے۔قبل ازیں محکمہ سکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹررانا عبدالقیوم نے شرکاء کو ڈینگی مرض اورا س سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ لوگ اپنے گھروں اور دیگر جگہوں پر ڈینگی سے کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 10/08/2016 - 14:32:18

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں