پاکستان سے بچوں کو اغوا کرکے اعضا کی فروخت کیلئے تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ..
تازہ ترین : 1

پاکستان سے بچوں کو اغوا کرکے اعضا کی فروخت کیلئے تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان سے مبینہ طور پر بچوں کو اغوا کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا ہے‘ پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی ایک بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرالیا ہے‘ جسمانی اعضاء کی فروخت کیلئے بچوں کے اغواء کے سکینڈل کی تحقیقات ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کے سپرد کردی گئی ‘ بچوں کو گتے کے ڈبوں میں بند کرکے کارگو کے ذریعے بیرون ملک سمگل کیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر مظہر الحق کاکا خیل نے تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ۔ بدھ کو ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور میں بچوں کو اغوا کے بعد قتل کرکے اعضا فروخت کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے اسلام آباد نے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بچوں کے اغوا کے تحقیقات کی ذمہ داری ڈائریکٹر مظہر الحق کاکا خیل کو سونپی گئی ۔ مظہر الحق کاکا خیل نے کہا کہ بچوں کے قتل اور اعضا بیچنے سے متعلق معلومات ایف آئی اے کو فراہم کریں۔

اغواء ‘ اعضاء بیچنے سے متعلق معلومات شہری ان نمبرز پر 03445511457, 051-2612281 پر دیں۔ ذرائع کے مطابق بچوں کو اغواء کرکے اعضاء کی فروخت کے لئے انہیں تھائی لینڈ سمگل کرنے کا انکشاف ہوا اور پولیس نے لاہور سے سمگلنگ کے لئے اغواء کی گئی بچی سمیت چھ بچوں کو بازیاب کرالیا ہ ۔ذرائع کے مطابق بچوں کو بے ہوش کرکے ان کے منہ پر پٹیاں باندھی گئی تھیں جبکہ ان کے ٹانگیں اور ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے ۔

سوشل میڈیا پر بچوں کے اغواء کی تصاویر سامنے آنے پر ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ۔ ایف آئی اے کی ٹیم لاہور پولیس کے ان اہلکاروں کے بیانات قلمبند کرے گی جنہوں نے بچوں کو بازیاب کرایا جبکہ بچوں اور ان کے والدین سے بھی ایف آئی اے اہلکار ملاقاتیں کریں گے تاکہ اغواء کاروں کا سراغ لگایا جاسکے۔
وقت اشاعت : 10/08/2016 - 14:10:44

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں