ودھ ہولڈنگ ٹیکس کی 0.4شرح میں ایک ماہ کیلئے مزید اضافہ تشویشناک ہے ‘افتخار بشیر

بدھ 10 اگست 2016 13:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری فتخار بشیر نے حکومت کی طرف سے ودھ ہولڈنگ ٹیکس کی 0.4 فیصد شرح میں ایک ماہ کیلئے مزید اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ودھ ہولڈنگ ٹیکس تاجر و صنعتکاروں کے لیے پریشانی کا باعث ہے دیگر ٹیکسوں کی موجودگی میں بنکوں سے لین دین پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے ودھ ہولڈنگ ٹیکس تاجروں و صنعتکاروں کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے باعث بنکوں سے لین دین میں کمی واقع ہورہی ہے جس کے باعث بنکنگ ڈیپازٹ میں تشویشناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ حکومت ودھ ہولڈنگ ٹیکس پر تاجربرادری کے تحفظات پر سنجیدگی سے غور کرے اور مذکورٹیکس کو فی الفور ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ بینکنگ ٹرانزیکشنز پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس وصولی کے بعد نجی کاروبار تیزی سے نقد لین دین اور متبادل ذرائع پر منتقل ہورہا ہے بنکنگ ٹرانزکشن پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے بنکنگ سیکٹر بھی متاثر ہوا ہے ۔

اس ٹیکس کی موجودگی میں تاجروں و صنعتکاروں کا بنکوں پر سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مطالبات پراور بنکنگ سیکٹر کو بچانے کیلئے فی الفور یہ ٹیکس واپس لے ، اپنی ہی رقم پر بنکوں سے ٹیکس کی کٹوتی تاجر طبقہ کے ساتھ زیادتی ہے حکومت ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے مدت میں بار بار اضافوں کی بجائے بنکوں سے لین دین پر فی الفور ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کا اعلان کرے ورنہ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ وقت دور نہیں جب بنک دیوالیہ ہوجائیں گے اور حکومت کو فائدہ کی بجائے الٹا نقصان اٹھانا پڑے گا ا س لیے حکومت تاجر برادری کے احتجاج کو سنجیدگی سے لے اور یہ ٹیکس واپس لے۔