دہشت گردوں کےخلاف جنگ کو آخری حد تک لےکر جائیں گے-وزیراعلی بلوچستان‘

بلوچستان میں مختلف علاقوں سے20افراد گرفتار‘ مبینہ خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاءکے نمونے فرانسزک ٹیسٹ کےلئے لاہور بھجوادئیے گئے-پولیس ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 10 اگست 2016 13:34

دہشت گردوں کےخلاف جنگ کو آخری حد تک لےکر جائیں گے-وزیراعلی بلوچستان‘

کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ اب دہشت گردوں کےخلاف جنگ کو آخری حد تک لےکر جائیں گے، دہشت گردوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائےگا۔یہ بات انہوں نے آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان کےاہل خانہ سے اظہار تعزیت کے موقع پر گفتگو میں کہی۔وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ سانحہ سول ہسپتال میں جاں بحق ہونےوالے سارے اپنے لوگ ہیں وہ جس درد سے گزر رہے ہیں وہ صرف وہ ہی جانتے ہیں۔

نواب ثناءاللہ زہری کیمرہ مین شہزاد کے بچوں سے ملتے وقت آبدیدہ بھی ہوگئے۔ ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں اپنے پیاروں سے بچھڑنے کے غم کا احساس ہے کیونکہ انہوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے بیٹے اور بھائی کو کھویا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ یہ جنگ سب کی جنگ ہے۔ وکلاء‘سول سوسائٹی اور صحافیوں کو متحد ہو کر حالات کا مقابلہ اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گئے۔ ان کا کہنا تھا یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ صوبے میں دہشت گرد یا پر امن پسند لوگ رہیں گئے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کیمرہ مین شہزاد خان کی بیوہ اور بھائی کو ملازمت دینے کا اعلان کیا۔اس سے پہلے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی شہزاد خان کے گھر پہنچے اور لواحقین سے تعزیت کی۔

جنرل عامر ریاض نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شہزاد کے بچوں کو پیار کیا۔ تین سالہ عبیرا نے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی وردی پر لگے پاکستانی پرچم کے بیج میں دلچسپی دکھائی تو لیفٹیننٹ جنرل نے بچی کو پیار کرتے ہوئے فوری طور پر بیج اتار کر بچی کو دیا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دوسری جانب بلوچستان میں مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 20افراد کو حراست میں لے لیاگیا جبکہ مبینہ خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاءکے نمونے فرانسزک ٹیسٹ کےلئے لاہور بھجوادئیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق صدر بلوچستان بار ایسوسی ایشن بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ اور سول ہسپتال میں خود کش بم دھماکے کے بعد مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے، چھاپوں کے دوران 20مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتارکئے گئے کچھ افرادکاکالعدم تنظیموں سے تعلق کابھی شبہ ہے۔

متعلقہ عنوان :