سول ہسپتال بم دھماکہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کے دیگر واقعات کے شواہد ثابت کرتے ہیں کہ ان میں بھارت ملوث ہے ‘اب تک پکڑے گئے دہشت گردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں "را" تربیت اور فنڈ دیتی ہے‘ سی پیک دشمنوں کی آنکھ میں خار کی طرح کھٹک رہا ہے جسے ناکام بنانے کے لیے دہشت گردی کی کاروائی کی جا رہی ہیں

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی پا ک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ سے بات چیت قومیں ہمت اور حوصلے سے ہی کامیابیاں حاصل کرتی ہیں ‘ سی پیک نے کامیاب ہونا ہے اور کامیاب ہوگا ‘اس کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جائیگا‘بلوچستان کے ساحل سے پاکستان نیوی کا مستقبل وابستہ ہے ‘گوادر اور بلوچستان کی ساحلی پٹی قدرت کا نایاب تحفہ ہے ‘اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائیگا‘نیول چیف

منگل 9 اگست 2016 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ سول ہسپتال بم دھماکہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے دیگر واقعات کے شواہد ثابت کرتے ہیں کہ ان میں بھارت ملوث ہے اور اب تک پکڑے گئے دہشت گردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں "را" تربیت اور فنڈ دیتی ہے، سی پیک دشمنوں کی آنکھ میں خار کی طرح کھٹک رہا ہے جسے ناکام بنانے کے لیے دہشت گردی کی کاروائی کی جا رہی ہیں۔

وہ منگل کو یہاں پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر نیول چیف نے سانحہ کوئٹہ پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے ہم حق پر ہیں اور فتحیاب ہونگے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردی کی اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر ملک کا حق ہے کہ ترقی کرے اور کسی ملک کو حق نہیں کہ وہ دوسرے ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرے۔

اس موقع پر نیول چیف نے بلوچستان کے عوام اور حکومت کے دہشت گردی کے خلاف عزم اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومیں ہمت اور حوصلے سے ہی کامیابیاں حاصل کرتی ہیں ، سی پیک نے کامیاب ہونا ہے اور کامیاب ہوگا اس کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل سے پاکستان نیوی کا مستقبل وابستہ ہے گوادر اور بلوچستان کی ساحلی پٹی قدرت کا نایاب تحفہ ہے اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائیگا۔

انہوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو اورماڑہ میں قائم نیوی کے کیڈٹ کالج اور بحریہ ماڈل کالج کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو ان اداروں کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر جلد گوادر میں کیڈٹ کالج کے قیام کے منصوبے کا آغاز کیا جائیگا۔ انہوں نے بلوچستان میں امن کے قیام اور شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کے عزم کو سراہا ۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ نے کہا کہ وزیراعظم ، آرمی چیف اور نیول چیف کی کوئٹہ آمد ہمارے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث اور قومی یکجہتی کے فروغ کی دلیل ہے۔ ملاقات میں سانحہ کوئٹہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔