راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام جشنِ آزادی کی تقریبات جوش وخروش سے جاری

منگل 9 اگست 2016 22:13

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام جشنِ آزادی کی تقریبات جوش وخروش سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں طلباء کے مابین ’ہیروزآف پاکستان موومنٹ ‘ کے عنوان سے رہنماوٗں کے خاکے بنانے کے مقابلے کا انعقادہوا۔طلباء نے تحریک پاکستان کے ہیروقائداعظم محمدعلی جناح، علامہ محمد اقبال، شیربنگال فضل حق، نواب سلیم اﷲ،فاطمہ جناح،سرسیداحمدخان اوردیگررہنماوں کے پورٹریٹ بنائے جن کو آر ٹ گیلری میں آویزاں کیا گیا۔

ممبرپنجاب اسمبلی لبنیٰ ریحان پیرزادہ نے ناہیدمنظوراورریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمدکے ہمراہ پورٹریٹ کی نمائش کا افتتاح کیا۔ پورٹریٹ بنانے میں وقاص احمدنے پہلی،فرازحیدرنے دوسری ،نعمان خالدنے تیسری اورانشراطارق نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے لبنیٰ ریحان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے برزگوں کی قربانیوں کا ثمرہے اوراس کے لیے خداکا جتنا شکرکریں کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل نے تحریک آزادی سے روشناس کروانے کے لیے مقابلے کا انعقادکیا جوقابلِ تحسین ہے۔ناہیدمنظورنے کہا کہ پاکستان اﷲ تعالی کی نعمتوں سے ایک ہے اورآج جن مسائل کا شکارہے اس کے لیے اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمدنے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل 14 اگست تک جشنِ آزادی کوملی جذبے کے ساتھ منائے گی۔اسی سلسلے میں 10 اگست کوڈرامہ’ پُترپاکستان دا‘،11 اگست کوپروفیسرانورمسعودکی صدارت میں محفلِ مشاعرہ، 12 اگست کوڈرامہ ’ہم زہندہ قوم ہیں‘،13 اگست کوڈرامہ ’سلام پاکستان ‘اور14 اگست کومحفلِ موسیقی کا پروگرام منعقدہوگا۔