پاک فضائیہ کے سربراہ کی سری لنکن صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا

ائیر چیف مارشل سہیل امان کی د فاعی اور ہوابازی کے میدان میں ہر طرح کے تعاون کی پیشکش میتھری پالا سری سینا کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شاندار کارکردگی پر پاکستان کی تعریف ایئرچیف کا وزیردفاع، سیکرٹری دفاع ، آرمی کمانڈر،نیوی کمانڈر سے ملاقاتوں میں دفاعی امور پر تبادلہ خیال

منگل 9 اگست 2016 21:40

اسلام آباد/کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سری لنکا کے سرکاری دورہ پرپہنچے ۔ائیر چیف نے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کی اور وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دفاعی اور ہوابازی کے میدان میں ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی۔

سری لنکن صدر نے سری لنکا کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شاندار کارکردگی پر بالعموم پاک آرمی اور بالخصوص پاک فضائیہ کو سراہا۔اس سے پہلے انہوں نے سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرمے سنگھے سے ان کے آفس میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ائیر چیف نے انہیں تکنیکی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے شعبوں میں مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا ۔

انہوں نے موجودہ دوستانہ تعقات کو مضبوط بنانے اور ان کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعادہ کیا۔سری لنکن وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ دن کے آغاز میں ائیر چیف نے سری لنکن فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا ۔ایئر چیف کی آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

انہوں نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ائیر مارشل گگن پلاستھی بلاتھسنگھالا سے ملاقات کی ۔ دونوں شخصیات نے کچھ وقت ایک ساتھ گزارا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ائیر چیف نے شاندار استقبال اور روایتی میزبانی پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے سری لنکن فضائیہ کو تربیت او ایوی ایشن کے مختلف شعبوں میں مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔

سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ کا تعاون کی مخلصانہ پیشکش پر شکریہ ادا کیا دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا اعادہ کیا۔ایئرچیف نے اسٹیٹ سیکرٹری دفاع اے پی جی کیتھشری،اسٹیٹ وزیردفاع رووان وجے وردنے،سری لنکن آرمی کمانڈرلیفٹینٹ جنرل اے ڈبلیو جے سی ڈی سلوا، سری لنکن نیوی کمانڈر وائس ایڈمرل آر سی وجے گنارتنے سے انکے دفاتر میں ملاقاتیں کیں۔

سری لنکن دفاعی افواج کے دفاتر پہنچنے پر ا نہیں چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ایئرچیف کی سری لنکن دفاعی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی دوستانہ ماحول میں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سری لنکن فضائیہ کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے پر ہیں